لاہور میں پولیس افسر کو قتل کرنے والے ملزم کا بیان سامنے آگیا
لاہور کے علاقے شیراکوٹ کے علاقے میں معمولی تلخ کلامی پر پولیس انسپکٹر سیف اللہ نیازی کو قتل کرنے والے والے ملزم کا ابتدائی بیان سامنے آگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عدیل نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ مقتول معمولی باتوں پر بے عزتی کرتا تھا، تنگ آکر یہ قدم اٹھایا ہے۔
ملزم عدیل نے کہا کہ مقتول کو اسی کے پستول سے قتل کیا۔
ملزم عدیل کو ڈولفن پولیس حراست میں لیکر شیراکوٹ پولیس کے حوالے کیا، پولیس کا کہنا تھا کہ معمولی تلخ کلامی پر دکاندار عدیل نے طیش میں آکر پولیس انسپکٹر کو قتل کیا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن ٹیم فائرنگ کی آواز سن کر موقع پر پہنچی تھی، ڈولفن ٹیم 102 نے ملزم عدیل کے فرار کی کوشش ناکام بنائی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران ںے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق افسوسناک واقعہ معمولی تلخ کلامی کے نتیجے میں پیش آیا، فائرنگ کرنے والا ملزم عدیل پولیس کی گرفت میں ہے، تمام شواہد اکٹھے کر کے مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسپکٹر سیف اللہ قانون پر عمل درآمد کروانے کی کوشش میں جان کی بازی ہار گیا، جاں بحق انسپکٹر کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ لاہور پولیس ایک خاندان ہے، مقدمہ کی مکمل پیروی، خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ فرض کی راہ میں پولیس ہر وقت جان ہتھیلی پر رکھ کر کام کرتی ہے، شہیدوں کی امین لاہور پولیس فرض کی راہ جان کا نذرانہ پیش کرتی رہے گی۔