ایف بی آر کی کارروائی، نان انٹیگریٹڈ انوائسز پر 2 ریسٹورینٹس کے خلاف ایکشن
پاکستان فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیم نے نان انٹیگریٹڈ انوائسز پر کارروائی کرتے ہوئے شہر اقتدار کے 2 ریسٹورنٹس سیل کر دیے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسلام آباد کے پوش سیکٹرز میں پوائنٹ آف سیل (POS) نصب نہ کرنے والے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید دو ریسٹورنٹس کو سیل کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد کی ٹیم نے چیف کمشنر کی ہدایت پر ان ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کی، جو نان انٹیگریٹڈ انوائسز جاری کر رہے تھے۔
کارروائی سے قبل ان ریسٹورنٹس کے بارے میں مکمل شواہد اکٹھے کیے گئے اور پیشگی اجازت حاصل کرنے کے بعد قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انسپکشن کی گئی۔
سیل کیے گئے ریسٹورنٹس اسلام آباد کے سیکٹر ایف-6 اور ایف-7 میں واقع ہیں، جہاں پوائنٹ آف سیل کے قانون پر عمل درآمد نہ ہونے پر کارروائی کی گئی۔
ایف بی آر کے حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب کاروباری اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ قومی خزانے میں عوام کا ٹیکس جمع کیا جا سکے۔
ترجمان ایف بی آر نے مزید کہا کہ عوام کے دیے گئے ٹیکس کا قومی خزانے میں جمع ہونا ادارے کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے لیے ایف بی آر کی ٹیم متحرک ہو کر کام کر رہی ہے۔
ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ٹیکس کے نظام میں شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔