امریکا پاکستان کا انتہائی اہم معاشی اور دفاعی شراکت دار ہے، محسن نقوی

وزیرداخلہ نے واشنگٹن میں امریکی ارکان کانگریس سے ملاقات کی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں امریکی کانگریس کے اراکین سے ملاقات کی۔

وزیرداخلہ  محسن نقوی کی کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی اورکانگریس مین جیک برگمین سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات سمیت دیگر اہم معاملات پرتبادلہ خیال کیا۔ کانگریس مین  تھامس رچرڈ سوازی کا تعلق  ڈیموکریٹک جبکہ کانگریس مین جیک برگمین کا تعلق ری پبلکن پارٹی سے ہے۔

ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی اورپاک امریکا تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔  وزیر داخلہ محسن نقوی نے کانگریس مین تھامس سوازی اور کانگریس مین جیک برگمین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ اس موقع پر وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا انتہائی اہم معاشی و دفاعی شراکت دار ہے۔پاکستان کے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے امریکی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور امریکا کے ساتھ تمام شعبوں میں مزید اشتراک چاہتے ہیں۔ آپ کے دورہ پاکستان سے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

کانگریس مین تھامس سوازی نے کہا کہ پاکستان کےساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ جلد پاکستان کا دورہ کروں گا۔ ملاقات میں 30 اپریل کو پاکستانی کاکس کانفرنس واشنگٹن ڈی سی میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیا۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Load Next Story