پی ٹی آئی میں بشریٰ بی بی کے ترجمان کے معاملے پر تنازع کھڑا ہوگیا
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کے بعد بشریٰ بی بی کا ترجمان کون ہوگا؟ پی ٹی آئی میں تنازعہ کھڑا ہوگیا، مسرت جمشید چیمہ اور مشال یوسف زئی دونوں نے ترجمان بنائے جانے کا دعویٰ کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے موقع پر مشال یوسفزئی نے دعویٰ کیا بانی پی ٹی آئی نے انہیں بشری بی بی کا فوکل پرسن و ترجمان مقرر کیا ہے، بانی پی ٹی آئی نے مسرت جمشید چیمہ کو میڈیا ٹاکس میں شریک ہونے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب مسرت جمشید چیمہ نے بھی دعوی کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں بشری بی بی کا ترجمان مقرر کیا ہے مشال یوسفزئی کو صرف بشری بی بی کے قانونی معاملات دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔
دونوں خواتین کے دعووں سے متعلق جب بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری سے پوچھا گیا کہ حقیقت کیا ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی ترجمانی کیلئے پارٹی کسی کو بھی نوٹیفائی کرسکتی ہے، پارٹی کا نوٹیفکیشن سامنے آیا تو اس پر بات کرونگا۔
مشال یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگومیں کہا وہ کچھ لوگوں کیلئے تھریٹ بنی ہوئی ہے انکا جیل میں کسی طرح داخلہ روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، مشال یوسفزئی کے مطابق انکے خلاف انکے اپنوں کی ملی بھگت سے سازش ہورہی ہے، وہ چپ کرکے بیٹھ نہیں بیٹھینگی بلکہ مزاحمت کرینگی، مشال یوسفزئی نے مزید کہا مسرت جمشید چیمہ کو ترجمان نہیں بنایا گیا وہ میڈیا ٹاک میں میرے ساتھ کھڑی ہونگی، بشری بی بی کی فوکل پرسن اور ترجمان میں تھی میں ہی رہونگی۔