لندن یونیورسٹی کی لاہور میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے پر مفاہمت

وائس چانسلر لندن یونیورسٹی سے مریم اورنگزیب کی ملاقات، سمسٹر ایکسچینج پروگرام کے آغاز پر تبادلہ خیال

لاہور:

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی پیشکش پر لندن یونیورسٹی کی لاہور میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے پر مفاہمت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب کے بچوں اور بچیوں کو برطانیہ کی عالمی سطح پر معروف ’’لندن یونیورسٹی‘‘ سے تعلیم دلانے کا بڑا منصوبہ بنایا ہے جبکہ مزید بین الاقوامی یونیورسٹیوں کو بھی پنجاب میں لانے کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کی لندن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر وینڈی تھامسن سے ملاقات ہوئی۔ لندن یونیورسٹی کے ماہرین تعلیم کا وفد بھی پروفیسر وینڈی تھامسن کے ہمراہ ہے۔

ملاقات میں سمسٹر ایکسچینج پروگرام کا آغاز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے یونیورسٹی آف لندن کو پنجاب میں دفتر کھولنے کی دعوت بھی دی گئی۔

سینیئر وزیر نے کہا کہ نصاب، اساتذہ کی ٹریننگ اور عمارتوں کی بہتری پر توجہ دی جا رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مری میں نیشنل یونورسٹی کے قیام پر کام جاری ہے۔

پروفیسر وینڈی تھامسن نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی پنجاب میں تعلیم اور گورننس کی بہتری کے اقدامات متاثر کن ہیں۔

واضح رہے کہ لندن یونیورسٹی برطانیہ کے علاوہ 199 ممالک میں تعلیمی خدمات فراہم کر رہی ہے۔

Load Next Story