طیب اردگان کو ووٹ دیں اور نائٹ کلب کی مفت رکنیت پائیں ترک کلب کا اعلان

رجب اردگان کو ووٹ دیتے وقت بیلٹ پیپرکی تصویراتارکر ہمارے پاس لےآئیں اور ایک سال کی مفت رکنیت حاصل کریں، کلب کا اشتہار

کلب کے مالک نے اشتہار شائع کرانے سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔ فوٹو: کلب تکسیم بوچم

جرمنی میں واقع ایک ترک نائٹ کلب نے اعلان کیا ہے کہ ترکی کے صدارتی انتخابات میں موجودہ وزیر اعظم رجب طیب اردگان کووٹ دینے کا ثبوت پیش کریں اور کلب کی مفت رکنیت حاصل کریں۔


برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے ایک ترک نائٹ کلب ''کلب تقسیم بوچم'' نے اپنی ویب سائیٹ میں ایک اشتہار شائع کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ترکی میں اگلے صدارتی انتخابات کے دوران رجب طیب اردگان کو ووٹ دیتے وقت بیلٹ پیپر کی تصویر اتاریں اور کلب کی ایک سال کی مفت رکنیت حاصل کریں۔ اشتہار کے شائع ہونے کے ساتھ ہی ترکی میں حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے اور اس قسم کے اشتہار کو جمہوریت کے خلاف اور قابل سزا قرار دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ترک حکام اس اشتہار کی تحقیق کرائیں اور اس کے ذمہ داروں کو سزا دلوائیں۔

دوسری جانب کلب کے مالک ابراہیم دیمیرکن نے بھی اس اشتہار سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا ذریعہ روزگار شراب کی فروخت ہے اور ان کے 95 فیصد گاہک طیب اردگان کے مخالف ہیں کیونکہ وزیر اعظم کی حیثیت سے انہوں نے شراب کی خرید و فروخت پر پابندی لگائی، ایسی صورت میں وہ کس طرح اس قسم کا اشتہار دے سکتے ہیں اور کاروباری نکتہ نظر سے بھی اس اعلان میں صرف اور صرف گھاٹے کا ہی سودا ہے کیونکہ ملک کی اکثریت رجب طیب اردگان کو ووٹ دے گی اور اگر وہ لوگ رکنیت کے لئے آئے تو ان کے کاروبار کا بھٹہ ہی بیٹھ جائے گا۔ ابراہیم دیمیرکن کا کہنا تھا کہ یہ اشتہار مقامی مارکیٹنگ کمپنی نے شائع کیا ہے اور وہ اس کمپنی کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
Load Next Story