نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست پر قومی کپتان نے ٹیم کو کیا مشورہ دیا؟


پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے نیوزی لیںڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست پر ٹیم کو اہم مشورہ دیا ہے۔
میچ کے بعد قومی کپتان سلمان آغا نے تسلیم کیا کہ یہ ان کے لیے ایک مشکل دن تھا، لیکن ٹیم کو اس ناکامی سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے میچ میں ٹیم بھرپور کم بیک کرے گی اور نیوزی لینڈ کی طرح نئی گیند کا مؤثر استعمال کرنے کی کوشش کرے گی۔
گزشتہ روز، نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے میں 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک زبردست دن تھا اور خاص طور پر کائل جیمیسن اور جیکب ڈفی کی بولنگ دیکھنا خوشگوار تجربہ تھا۔
کیوی کپتان نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم اگلے میچز میں بھی اسی جذبے اور محنت سے کھیلے گی۔
میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائل جیمیسن کو دیا گیا، جنہوں نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کنڈیشنز ان کے لیے سازگار ثابت ہوئیں اور ٹیم کو جلد برتری حاصل کرنے میں مدد ملی۔
کائل جیمیسن نے مزید کہا کہ یہ ایک بہترین ٹیم ورک تھا اور خاص طور پر جیکب ڈفی نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی، ان کے ساتھ بولنگ کرنا ایک زبردست تجربہ تھا۔