مبینہ غیر قانونی پروموشن کیس؛ اسپورٹس بورڈ سے متعلقہ تمام ریکارڈ اور رولز طلب


اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل شاہد السلام کی مبینہ غیر قانونی پروموشن کے کیس میں پاکستان اسپورٹس بورڈ سے متعلقہ تمام ریکارڈ اور پروموشن رولز طلب کر لیے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر ایچ آر کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل کی کیس کی تیاری نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے، ہمارے اور اپنے روزے کا ہی خیال کر لیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آیا درخواست گزار ابھی بھی سروس میں ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ وہ اب بھی پاکستان اسپورٹس بورڈ میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ 2020 میں عدالت اس حوالے سے فیصلہ دے چکی ہے، اور اب ہم اس کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل سن رہے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دہے کہ کیا پاکستان اسپورٹس بورڈ کا ادارہ فوت ہوگیا؟ کیا حکومت نے روٹین کے کام چھوڑ دیے ہیں؟۔
ہائیکورٹ نے اپیل کنندہ کی پروموشن کا تمام ریکارڈ اور رولز طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت مئی کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔