لاپتا شہری کی اڈیالہ جیل میں موجودگی کی اطلاعات، سپرنٹنڈنٹ جیل سے رپورٹ طلب


اکتوبر 2024ء سے لاپتا شہری کے اڈیالہ جیل میں موجودگی کی اطلاعات پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے رپورٹ طلب کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ہائی کورٹ راولپنڈی میں شہری کے مبینہ لاپتا ہونے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جو کہ جسٹس طارق محمد باجوہ کے روبرو ہوئی۔ لاپتا شہری نور السلام کے بھائی محمد طارق عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے میرے بھائی کو 16 اکتوبر 2024ء کو راجہ بازار سے اغواء کیا، میرے بھائی کو کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، اغواء کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے۔
سی ٹی ڈی اور راولپنڈی پولیس نے اپنی رپورٹس عدالت میں پیش کیں، سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ کسی شہری کو تحویل میں نہیں لیا۔ پولیس نے کہا کہ مبینہ اغواء کار کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہمارا بھائی اڈیالہ جیل میں نظر بند ہے، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 20 مارچ تک ملتوی کردی۔