پروڈیوسر نے پشپا 3 کی تصدیق کردی، فلم کب ریلیز ہوگی؟


معروف جنوبی بھارتی ہدایتکار سوکمار کی معروف ’پشپا‘ فرنچائز جس میں مرکزی کردار اللو ارجن نے نبھایا ہے، ہندوستانی سنیما کی سب سے بڑی فلم فرنچائزز میں سے ایک ہے۔ 'پشپا: دی رول' کی ریلیز کے بعد سے ہی شائقین ’پشپا 3‘ کے بارے میں خبروں کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
حال ہی میں ایک ایونٹ میں میڈیا سے گفتگو میں فلم کے پروڈیوسر روی شنکر نے پشپا 3 کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہم پشپا 3 ضرور بنائیں گے۔‘‘
پروڈیوسر نے اس بات پر زور دیا کہ اللو ارجن اور سوکمار دونوں اس وقت پہلے سے کیے گئے وعدوں (فلموں) کو پورا کر رہے ہیں۔ شنکر نے کہا، ’اللو ارجن ابھی ایٹلی کی ایک فلم میں مصروف ہیں۔ اس کے بعد وہ تروکرم سری نواس کے ساتھ ایک اور فلم کریں گے۔ انہیں ان دونوں فلموں کو مکمل کرنے میں کم از کم دو سال لگیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ فلمساز سوکمار بھی رام چرن کے ساتھ ایک پروجیکٹ میں مصروف ہیں۔ سوکمار رام چرن کے ساتھ ایک فلم بھی کر رہے ہیں۔ اسے مکمل کرنے اور پشپا 3 کے لیے لکھنے میں بھی دو سال لگیں گے۔ تو یہ یقینی طور پر ڈھائی سال میں شروع ہو جائے گا، اور ہم اسے 2028 تک ساڑھے تین سالوں میں ریلیز کرنے کا ارادہ رکھیں گے۔ ہم اس سے زیادہ وقت نہیں لیں گے۔