کراچی کے ساحل سی ویو پر ڈوبنے والے افراد کی تعداد 12 ہوگئی

اب بھی کئی افراد سمندر میں لاپتا ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے،عینی شاہدین

ڈوبنے والے افراد ساحل پر نہارہے تھے کہ تیز لہروں کی زد میں آکر ڈوب گئے،ریسکیو ذرائع۔فوٹو:فائل

لاہور:
سی ویو کے ساحل پر نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی ہے جبکہ مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن کے قریب سی ویو کے ساحل پر سیرو تفریح کے لیے آنے والے افراد سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جن میں سب اب تک 10 افراد کی لاشوں کو ریسکیو اہلکاروں کی مدد سے نکال لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو بوٹ بیسن تھانے میں ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ سمندر میں اب بھی کئی افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔


دوسری جانب گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے،وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا انتطامیہ ساحل پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے اور پولیس شہریوں کو ساحل پر جانے سے روکے جبکہ شہری بھی انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔ ادھر سمندر میں ڈوب کر ہلاکتوں کے بعد پولیس نے بھی سمندر میں نہانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر میں درجنوں افراد ڈوبنے کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں انتظامیہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سمندر میں لائف گارڈز تعینات کرے۔

واضح رہے کہ عید کےدوران ساحل پر عوام کی بڑی تعداد پکنک منانے آتی ہے اوراس دوران بعض منچلے افراد سمندر میں نہاتے وقت احتیاطی تدابیر کا لحاظ نہیں رکھتے جس کے باعث اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں جب کہ اس موسم میں سمندر میں تیز لہریں بھی پیدا ہوتی ہیں، دوسری جانب کراچی کی انتظامیہ پہلے ہی عوام کو سمندر میں نہانے کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کرچکی ہے۔
Load Next Story