عمران خان نے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفے مانگ لئےحامد الحق

4 اگست کو پارٹی کے پارلیمانی اجلاس میں ارکان اپنے استعفے پارٹی چیرمین کے سپرد کردیں گے، رکن قومی اسمبلی حامدالحق

تحریک انصاف نے 14 اگست کو اسلام آباد میں آزادی مارچ کے نام سے دھرنے کا اعلان کررکھا ہے، فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور:
تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی سے استعفے طلب کرلئے ہیں۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی انجینئر حامد الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے تمام ارکان قومی اسمبلی سے استعفے طلب کرلئے ہیں، 4 اگست کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل پارٹی کا پارلیمانی اجلاس ہوگا جس میں ارکان اسمبلی اپنے استعفے پارٹی چیرمین کے سپرد کریں گے جس کے بعد عمران خان 13 اگست کو یہ استعفے اسپیکر کو پیش کردیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے 16 ارکان اپنے استعفے پارٹی قیادت کو پیش کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔


دوسری جانب تحریک انصاف کے ترجمان نے استعفے مانگنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا اس حوالے سے 4 اگست کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اس معاملے پرغور ہوگا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 14 اگست کو اسلام آباد میں آزادی مارچ کے نام سے دھرنے کا اعلان کررکھا ہے اوراس حوالے سے عمران خان کا کہنا ہے کہ دھرنا مطالبات کی منظوری تک ختم نہیں کیا جائے گا۔
Load Next Story