پاکستان میں ایک تہائی اموات دل کی بیماریوں سے ہو رہی ہیں ماہرین

طبی اسٹالز پر دل کے امراض کی مفت جانچ کا بھی انتظام کیا گیا تھا

دل کے امراض سے بچاؤ کیلیے ورزش کرنی چاہیے، ہیلتھ میلے میں ہارٹ واک کا اہتمام، کیا گیا. فوٹو: فائل

KABUL:
ماہرین طب نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر تین میں سے ایک فرد دل کی بیماری کی وجہ سے زندگی کی بازی ہاررہا ہے۔

یہ مرض نوجوانوں میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے ،پاکستان میں ہونے والی کل اموات میں سے ایک تہائی اموات شریانوں اوردل کی مختلف بیماریوں کی وجہ سے ہورہی ہیں،یہ بات اتوارکوآغا خان یونیورسٹی اسپتال کے زیراہتمام امراض قلب کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار اور ہیلتھ میلے سے مختلف ماہرین نے خطاب کرتے ہوئے کہی،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امراض قلب کے ماہر اور اے کے یوشعبہ کارڈیولوجی کے سربراہ اکٹرخاور کاظمی نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی کل اموات میں سے ایک تہائی سے زائد اموات شریانوں اور دل کے امراض کے باعث ہوتی ہیں۔


تاہم15سے69برس کی عمر کے ملازمت پیشہ افراد میں اموات کی سب سے اہم وجہ اسکیمک ہارٹ ڈزیز یعنی دل کوخون کی ناکافی فراہمی کی وجہ سے ہونے والی بیماری ہے،اے کے یو ایچ کے شعبہ کارڈیوتھوراسک سرجری کے سیکشن ہیڈ ڈاکٹر حسنات شریف نے بتایا کہ اے کے یو ایچ کراچی کا وہ پہلا اسپتال ہے جہاں بچوںکے دل کے غیر معمولی پیدائشی نقائص کو بذریعہ آپریشن درست کرنے کا آغازکیاگیا، انھوں نے بتایاکہ پاکستان میں امراض قلب کے علاج کی عالمی طور پر تسلیم شدہ معیاری سہولیات کی کم قیمت فراہمی اے کے یو ایچ کی ایک اہم کاوش ہے۔

اس پروگرام میں معروف کارڈیولوجسٹس، کارڈیک سرجنز، فزیوتھراپسٹس اور نیوٹریشنسٹس نے حصہ لیا اور حاضرین کو امراض قلب سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا، دل کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے باقاعدگی سے جسمانی ورزش کرنی چاہیے، اس امر کے علامتی اظہار کے لیے ہارٹ واک کا بھی اہتمام کیا گیا، طبی اسٹالز پر دل کے امراض کی مفت جانچ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
Load Next Story