بیشتر اجناس کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی

خام تیل، سونے، چاندی، پلاٹینم و پلاڈیم، تانبے، ایلومینیم، لیڈ، کلئی، جست کے دام گرگئے

چینی کی قیمت 10 ڈالر گھٹ کر 436 ڈالر فی ٹن ہوگئی، صرف ٹین کے دام میں اضافہ۔ فوٹو: فائل

اجناس کی عالمی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے بیشتر اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کی بڑی وجوہ طلب میں کمی، وافر سپلائی، مشرق وسطیٰ اور یوکرین میں کشیدگی اور ارجنٹائن کا ڈیفالٹ بتائی جاتی ہیں۔

جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر خام تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر کمی دیکھی گئی اور نرخ فروری کے بعد سے کم ترین سطح پر آگئے، لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی ستمبر میں فراہمی کے لیے قیمت ایک ہفتے میں 107.78 ڈالر سے کم ہو کر 104.81 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کے نرخ 101.66 ڈالر سے گھٹ کر 97.88 ڈالر فی بیرل پرآگئے۔


قیمتوں دھاتوں کے حوالے سے لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت 1294.75ڈالر سے گھٹ کر1291.25 ڈالر فی اونس پر آ گئی جبکہ چاندی کی قیمت 20.46 ڈالر سے کم ہو کر 20.34 ڈالر فی اونس ہو گئی، لندن پلاٹینم و پلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹیم کی قیمت 1473 ڈالر سے گھٹ کر 1462 ڈالر فی اونس اور پلاڈیم کی قیمت 876 ڈالر سے گھٹ کر 871 ڈالر فی اونس ہوگئی، گزشتہ ہفتے بنیادی یا صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی، لندن میٹل ایکس چینج میں ایک ہفتے کے دوران تانبے کی قیمت 7 ہزار 177 سے گھٹ کر7103ڈالر فی ٹن ہوگئی جبکہ ایلومینیم کی قیمت 43 ڈالر کی کمی کے نتیجے میں 2ہزار30 ڈالر سے گھٹ کر1 ہزار 987 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔

لیڈ کے نرخ جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر 2ہزار223 ڈالر فی ٹن رہے جو ایک ہفتے قبل 2ہزار271ڈالر فی ٹن تھے، ٹین کی قیمت 22 ہزار 411 ڈالر سے بڑھ کر 22 ہزار 480 ڈالر فی ٹن ہوگئی، کلئی کی قیمت 18ہزار 500 ڈالر فی ٹن رہی جو ایک ہفتے قبل 19ہزار299 ڈالر فی ٹن تھی، اسی طرح جست کے نرح بھی 2408 ڈالر سے گھٹ کر کاروباری ہفتے کے اختتام پر 2ہزار353 ڈالر فی ٹن ہوگئے، گزشتہ ہفتے چینی کی عالمی قیمت میں بھی کمی ہوئی، جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر چینی کی قیمت 436 ڈالر فی ٹن رہی جو ایک ہفتے قبل 446 ڈالر فی ٹن تھی، اس طرح ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 10 ڈالر فی ٹن کمی ہوئی۔
Load Next Story