تاجر اتحاد کا 14 اگست کو پاک فوج سے اظہار یکجہتی کا اعلان

سندھ بھر کی مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں پاک فوج کے جوانوں کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی

آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور ملک کی بقاو سلامتی کیلیے دعائیہ تقاریب کاانعقاد کیا جائیگا۔ فوٹو: فائل

سندھ تاجر اتحاداس سال یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائے گی اور اس سلسلے میں کراچی سے لے کر کشمور تک تمام مارکیٹوں اور کاروباری و تجارتی مراکز میں قومی پرچم لہرائے جائیں گے۔

پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے صوبے بھر کی مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں پاک فوج کے جوانوں کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور ملک کی بقا اور سالمیت کے لیے خصوصی دعائیہ تقاریب کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ رواں سال تمام مارکیٹوں میں خصوصی پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی اور آنے والے تمام گاہکوں میں قومی پرچم کی جھنڈیاں مفت تقسیم کی جائیں گی۔ اس بات کا اعلان سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل احمد پراچہ نے اتحاد کے مرکزی دفتر میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔


اس موقع پر محمد کاشف صابرانی،حبیب شیخ، اسماعیل لالپوریہ، عبدالغنی، سلیم راجپوت، محمد ارشد، حسین قریشی،عافرین صدیقی، یاسین یامین، احتشام الحق، محمد نوید، نثار خاکسار،اسحاق شیخ، پرویز شیخ، محمد ذیشان، راشد علی شاہ، مقصود احمد، سلیم بٹلہ اور دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔ جمیل احمد پراچہ نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر سندھ بھر اور خصوصاً کراچی کی تمام مارکیٹوں، تجارتی و کاروباری مراکز اور شہر کی اہم شاہراہوں پر سندھ تاجر اتحاد کے تحت قومی پرچم اور جھنڈیاں لگائی جائیں گی اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے پاک فوج کے جوانوں اور ان کے کارناموں پر مشتمل تصاویر بھی آویزاں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے تمام مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے عہدیداران کا اہم اجلاس بروز منگل5اگست کو صدر کراچی میں جبکہ اندرون سندھ کے تاجروں کا اجلاس سندھ تاجر اتحاد کے اندرون سندھ کے صدر جاوید قریشی کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال جشن آزادی کی تقاریب کومنفرد انداز میں منانے اور پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی غرض سے مارکیٹوں میں آنے والے تمام گاہکوں میں پاکستان پرچم کی جھنڈیاں اور پرچم تقسیم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کی تمام مارکیٹوں میں آج سے ہی پرچم کشائی کی تقاریب کا آغاز کردیا جائے گا اور روزانہ مارکیٹوں میں اس طرح کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں جس مارکیٹ اور تجارتی مراکز میں جشن آزادی کی سجاوٹ کو خوبصورت انداز میں منعقد کیا جائے گا اس مارکیٹ کی انتظامیہ اور دکانداروں کے اعزاز میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا جائے گا اور انہیں خصوصی شیلڈ دی جائے گی جبکہ اتحاد کے جس دکاندار نے اپنی یوم آزادی کے حوالے سے دکان میں خوبصورت سجاوٹ کی ہوگی اسے خصوصی ایوارڈ دیا جائے گا جبکہ پاک فوج کی عظمت پر تصاویر آویزاں کرنے پر پاک فوج اظہار یکجہتی ایوارڈ دیا جائے گا۔
Load Next Story