بھارت نے سری لنکن انڈر15 کرکٹ ٹیم کو ملک سے بے دخل کردیا

سری لنکن ویب سائیٹ پر شائع مضمون میں کہا گیا تھا کہ نریندر مودی تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للیتا کی ہر بات مانتے ہیں۔

بھارت کے کئی شہروں میں سری لنکن حکومت کے خلاف مطاہرے کئے جارہے ہیں۔ فوٹو: فائل

بھارت نے سری لنکن ویب سائیٹ پر اپنے وزیر اعظم اور ریاست تامل ناڈو کی وزیر اعلیٰ پر تنقیدی مضمون شائع کرنے پر سری لنکن انڈر 15 ٹیم کو ہی ملک سے بے دخل کردیا۔

بھارت جمہوری اقدار کا تو سب سے زیادہ ڈھنڈھورا پیٹتا ہے لیکن اسے کسی بھی قسم کی تنقید قبول نہیں، اس کی مثال اس وقت سامنے آئی جب سری لنکا کی سرکاری ویب سائیٹ پر موجودہ وزیراعظم نریندرمودی اور بھارتی ریاست تامل ناڈو کی وزیراعلی جے للیتا کے خلاف مضمون پر حکام اور عوام آگ بگولا ہوگئے ہیں۔ سری لنکا کی انڈر 15 کرکٹ ٹیم مقامی کلب کی دعوت پر تین ملکی سیریز کھیلنے کے لئے اتوار کو بھارت کے شہر چنئی پہنچی تھی لیکن مقامی پولیس نے سیکیورٹی وجوہات کو بنیاد بناکر مہمان ٹیم کو آج صبح ڈی پورٹ کرکے واپس سری لنکا بھیج دیا۔


دوسری جانب مضمون کے خلاف بھارتی حکومت نے سری لنکن ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ میں طلب کرکے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست تامل ناڈو میں سری لنکن حکومت کے خلاف مظاہرے کئے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سری لنکا کی وزارت دفاع کی سرکاری ویب سائیٹ پر ایک مضمون شائع ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ نریندر مودی تامل ناڈو کی وزیر اعلیٰ جے للیتا کے اسیر ہیں اور ان کی خواہش پر تمام اقدامات کرتے ہیں۔
Load Next Story