پالے کیلی ٹیسٹ پاکستانی کشتی قسمت کی لہروں پر ڈولنے لگی

حفیظ کی ففٹی،ٹیم کی مدد کیلیے عدنان ٹوٹی ہوئی انگلی کے ساتھ میدان میں اتر آئے، ہیراتھ کی4 وکٹیں

پالے کیلی: پاکستانی بیٹسمین اظہر علی سری لنکا کیخلاف سنچری کی تکمیل کے بعد شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں، انھوں نے 136رنز بنائے ۔ فوٹو/ایکسپریس

پالے کیلی ٹیسٹ میں پاکستانی کشتی قسمت کی لہروں پر ڈولنے لگی، اظہر علی کی سنچری کے باوجود سری لنکا کا پلڑہ بھاری ہے، چوتھے روز مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں299 پر8وکٹیں گنوا دیں، صرف188رنزکی برتری حاصل اور2 وکٹیں باقی ہیں۔

اظہر نے136رنز بنائے، محمد حفیظ نے 52 رنز اسکور کیے، اسد شفیق 55 رنز پر کھیل رہے ہیں، ٹیم کی مدد کیلیے ٹوٹی ہوئی انگلی کے ساتھ عدنان اکمل میدان میں اترچکے، یونس خان اور مصباح الحق کے تجربہ کار کندھے توقعات کا بوجھ پھر نہ جھیل پائے، رنگانا ہیراتھ نے 4 اور دلہارا فرنانڈو نے 3 وکٹیں لیں۔ آخری روز بولرز ممکنہ طور پر کم ہدف کا دفاع نہ کرپائے تو سیریز بچانے کی خواہش حسرت میں بدل جائے گی، ڈرا اور کامیابی دونوں کیلیے میزبان سائیڈ کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے،

البتہ بارش سے رنگ میں بھنگ پڑ سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیریز برابر کرنے کیلیے پاکستان کو ہر صورت فتح درکار ہے مگر پل پل بدلتی ہوئی پالے کیلی کی وکٹ نے یہ ٹاسک کافی مشکل بنا دیا، چوتھے روز ایک موقع پر مہمان سائیڈ کی پوزیشن مستحکم ہوئی تو اختتامی لمحات میں گرنے والی وکٹوں نے صورتحال کو گھمبیر بنا دیا ہے، دوسری اننگز میں صرف 4 وکٹ پر 276 رنز بنانے والی ٹیم نے دن کا اختتام 299 رنز 8 وکٹ پر کیا، اظہر علی کے آئوٹ ہونے کے بعد ٹیل اینڈرز کی رخصتی کا عمل شروع ہوگیا، بدھ کے روز پاکستان نے کھیل کا آغاز 27 رنز ایک وکٹ سے کیا، اظہر اور اوپنر محمد حفیظ نے احتیاط سے کھیلتے ہوئے دوسری وکٹ کیلیے 94 رنز جوڑے۔


دونوں نے میزبان سیمرز خاص طور پر نوان کولاسیکرا کا ہمت سے سامنا کیا تاہم دلہارا فرنانڈو نے اس جوڑی کو زیادہ خطرناک ہونے سے قبل ہی توڑ دیا،100گیندوں پر 52 رنز بنانے والے حفیظ نے کھانے کے وقفے سے صرف 10 منٹ قبل فرنانڈو کی باہر جاتی ہوئی گیند کو کھیلنے کی کوشش کی جوکافی مہنگی ثابت ہوئی، سلپ میں موجود واحد فیلڈر پرانا ویتانا نے بیٹ کے کنارے سے ٹکرا کر آنے والی گیند کو تھامنے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی، دوسرے سیشن میں پاکستان کی دو اہم وکٹیں گریں،

رنگانا ہیراتھ نے یونس خان اور مصباح الحق کو آئوٹ کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کیا، یونس خان 12 رنز پر انجیلو میتھیوز کی گیند پر وکٹ کیپر پرسنا جے وردنے کے ہاتھوں کیچ ڈراپ ہونے کا کوئی فائدہ حاصل نہیں کرپائے اور 19 رنز بناکر سلی پوائنٹ پر پرانا ویتاناکا کیچ بن گئے، مصباح صرف 5 رنز پر ہیراتھ کی گیند پر سلپ میں مہیلا جے وردنے کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ اب اظہر علی کو اسد شفیق نے جوائن کیا دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 100 رنز کا اضافہ کر کے مجموعے کو 276 تک پہنچایا، 80 اوورز کے بعد میزبان سائیڈ نے دوسری نئی گیند لی جس کی مدد سے فرنانڈو نے اظہرکو پرسنا کا کیچ بنا دیا،

انھوں نے 284 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 136 رنز اسکور کیے، اس سے قبل کولمبو ٹیسٹ میں بھی اظہر نے 157 رنز بنائے تھے، محمد سمیع (3) فرنانڈو کا شکار بنے جبکہ عمرگل (0) اور سعید اجمل (5) کو ہیراتھ نے ایل بی ڈبلیو کیا، اس موقع پر بائیں ہاتھ کی انگلی میں ہیئرلائن فریکچر کے شکار عدنان اکمل کو میدان میں اترنا پڑا، جب چوتھے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو اسد 55 رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ عدنان نے کھاتہ نہیں کھولا تھا۔
Load Next Story