طاہر القادری کے گھر اور دفتر کے راستے سیل کارکنوں نے بھی ڈنڈے اور پتھر سنبھال لئے

ڈنڈا بردار خواتین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد راستوں کو سیل اور طاہر القادری کے خلاف مقدمہ کے اندراج پر احتجاج کررہی ہے

طاہر القادری نے 10 اگست کو سانحہ لاہور میں جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کے لئے یوم شہدا کا اعلان کررکھا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

پنجاب حکومت نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ اور منہاج القرآن سیکریٹریٹ جانے والے تمام راستے سیل کردیئے ہیں۔

بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات پولیس کی بھاری نفری نے فیصل ٹاؤن اور ماڈل ٹاؤن میں تحریک منہاج القرآن کے سیکرٹریٹ اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کی جانب جانے والے راستوں پر پہنچ گئی اور بیریئر لگا کر وہاں جانے والے تمام راستے سیل کر دیئے۔ اس کے علاوہ برکت مارکیٹ اور جناح اسپتال کےقریب بھی کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں۔


راستے سیل کئے جانے کے بعد پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی بڑی تعداد ڈنڈے اور پتھروں سے لیس ہوکر منہاج القرآن سیکریٹریٹ پہنچ گئے ہیں ان کا کہنا ہے کہ اگر طاہر القادری کو نظر بند کیا گیا تو امن و امان کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔ اس کے علاوہ لاٹھی بردار خواتین کی بڑی تعداد بھی طاہر القادری کے گھر کے باہر موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ طاہر القادری کے خلاف دائر مقدمہ فوری طور پر ختم کیا جائے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 10 اگست کو سانحہ لاہور میں جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کے لئے یوم شہدا کا اعلان کررکھا ہے۔
Load Next Story