زرداری نیویارک پہنچ گئے کل جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے

ہلیری،کرزئی،کیمرون ،راسموسین سے ملاقاتیں شیڈول، اوباما سے بھی ملاقات متوقع

ہلیری،کرزئی،کیمرون ،راسموسین سے ملاقاتیں شیڈول، اوباما سے بھی ملاقات متوقع۔ فوٹو: فائل

صدرآصف علی زرداری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 67 ویں اجلاس میں شرکت کیلیے اتوار کو نیویارک پہنچ گئے ہیں۔


صدر کے وفد میں وزیرخارجہ حنا ربانی کھر ، بلاول بھٹو زرداری اور کئی اراکین پارلیمنٹ شامل ہیں۔ صدر کل 193 رکنی جنرل اسمبلی سے خطاب کرینگے۔ صدر اپنے 4 روزہ دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن، افغان صدر حامد کرزئی، برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، چینی وزیر خا رجہ یانگ جی چی اور نیٹو کے سیکریٹری جنرل سے ملاقاتیں کریں گے، صدر اقوام متحدہ اور بل گیٹس فائونڈیشن کے زیر اہتمام انسداد پولیوسے متعلق ایک تقریب سے بھی خطاب کرینگے۔

اس سیشن کی صدارت اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کرینگے اور اسکا موضوع ''آنیوالی نسل کیلیے ہمارا عزم'' ہے، آئی این پی کے مطابق صدر کی امریکی صدر اوباما سے بھی ملاقات متوقع ہے، این این آئی کے مطابق صدر جنرل اسمبلی سے خطاب میں گستاخانہ فلم کا معاملہ اٹھائینگے ۔ دریں اثناء صدر مملکت نے مردان میں جمعے کوتوہین آمیز فلم کیخلاف احتجاج کے موقع پر مشتعل افراد کے گرجا گھر پر حملے اور اسے جلانے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story