پی سی بی آئین کیس درخواست گزار کو 17 اگست تک بیان حلفی جمع کرانے کا حکم

بیان حلفی تسلی بخش نہ ہوا تو درخواست گزار پربھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا، اسلام آباد ہائی کورٹ

سپریم کورٹ کرکٹ بورڈ کے آئین کے حوالے سے پہلے ہی اپنی تجاویز پیش کرچکی ہے، جسٹس اطہر من اللہ۔ فوٹو: فائل

ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے حوالے سے کیس میں درخواست گزار کو 17 اگست تک بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی سی بی کے آئین کے حوالے سے کیس کا عبوری فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس اطہرمن اللہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کرکٹ بورڈ کے آئین کے حوالے سے پہلے ہی اپنی تجاویز پیش کرچکی ہے، کرکٹ ملک بھرکا پسندیدہ کھیل ہے، اس قسم کی درخواستیں دنیا بھر میں ملک کی بدنامی کا باعث بنتی ہیں۔


عدالت کا درخواست گزار ندیم سڈل کو 17 اگست تک بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بیان حلفی تسلی بخش نہ ہوا تو درخواست گزار پربھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا اور حقیقت چھپانے پر درخواست گزار کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب درخواست گزار کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے آئین میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی سی بی کے نئے آئین کے حوالے سے گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
Load Next Story