سستی اور کاہلی کا خاتمہ کرنے والی غذائیں

کسی مشقت کے بعد اگر آپ فوری طور پر توانائی کی بحالی چاہتے ہیں تو کافی پیئں

جو لوگ ایک دن میں 8 گھنٹے سے کم نیند کرتے ہیں ان کی جسمانی توانائی گھٹتی چلی جاتی ہے۔ فوٹو : فائل

ایک رات میں 8گھنٹے سونا ہر کسی کے بس میں نہیں اور جو لوگ نیند کی کمی میں مبتلا ہوتے ہیں، ان کی جسمانی توانائی گھٹتی چلی جاتی ہے اور جسم سستی کا شکار ہو جاتا ہے۔ تو یہاں ہم آپ کو ایسی غذاؤں کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے، جو آپ کو جسمانی طاقت بہم پہنچا کر سستی اور کاہلی کا خاتمہ کر دیں۔

انڈہ: انڈے کی زردی قدرتی طور پر وٹامن بی سے بھرپور ہوتی ہے اور وٹامن بی غذا کو توانائی میں بدلنے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ انڈے میں وٹامن ڈی بھی پایا جاتا ہے جو ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔ اس کے علاوہ انڈہ میں ایسے پروٹین پائے جاتے ہیں جو جسمانی نشوونما کے لئے ناگزیر سمجھے جاتے ہیں۔ لہذا جسمانی توانائی کے حصول کے لئے ناشتہ میں ایک انڈے کی زردی اور دو سے تین انڈوں کی سفیدی کو ضرور استعمال کریں۔

کافی: کسی مشقت کے بعد اگر آپ فوری طور پر توانائی کی بحالی چاہتے ہیں تو کافی پیئں، کیوں کہ اس میں کیفین نامی ایسا مادہ پایا جاتا ہے جو مرکزی اعصابی نظام میں تحریک پیدا کر دیتا ہے۔ اس کے علاوہ کافی میں اگر تھوڑا دودھ ملا لیا جائے تو اس سے وٹامن ڈی اور کیلیشیم بھی ملتا ہے جو ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے۔

سویابین: سویا بین بہت زیادہ توانائی بخش غذا ہے، جس میں وٹامن بی، کوپر اور فاسفورس پایا جاتا ہے۔ اس کا استعمال جسم کے لئے ویسے ہی ضروری ہے جس طرح گاڑی چلانے کے لئے ایندھن کی ضرورت ہوتی ہے۔ کوپر اور فاسفورس غذا کو جزو بدن بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔


سالم اناج: ریشوں سے بھرپور یہ غذا جسم سے گلوکوز کے اخراج کے عمل کو سست کر دیتی ہے، جس سے نقاہت کا احساس کم ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ شوگر کی ایک خاص مقدار بھی سالم اناج میں پائی جاتی ہے، جو جسمانی توانائی کیلئے نہایت ضروری تصور کی جاتی ہے۔

خشک میوہ جات: خشک اور گری دار میوہ جات پروٹین، چکنائی (فیٹس) اور ریشوں (فائبر) کے حصول کا مثالی ذریعہ ہیں، جو جسمانی نشوونما اور توانائی کے لئے مفید ہے۔ اس کے علاوہ خشک اور گری دار میوہ جات میں شامل اجزاء جسم سے توانائی کے اخراج کے عمل کو بھی آہستہ کر دیتے ہیں۔

پانی: جسم میں توانائی کی سطح کو بحال رکھنے کے لئے آبیدگی (ہائیڈریشن) نہایت اہم ہے۔ لہذا صاف پانی کے زیادہ استعمال کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ پانی غذا کو خون میں پہنچانے کا بھی اہم ذریعہ ہے، جس سے جسمانی توانائی میں بہتری آتی ہے۔

کدو کا بیج: بھاری مشقت کے بعد فوری توانائی کی بحالی کے لئے کدو کے بیج کا استعمال نہایت سود مند ہے۔ امریکی ماہر طب ڈاکٹر ڈنکن کا کہنا ہے کہ کدو کا بیج میگنیز، میگنیشیم، فاسفورس اور زنک سے بھرپور ہوتا ہے، جو جم (ورزش) کے اوقات بڑھانے میں نہایت مددگار ہے۔ ڈاکٹر ڈنکن کے مطابق اگر آپ کو کدو کے بیج دستیاب نہیں تو بازار سے اس کا تیل آسانی مل سکتا ہے، جس کا استعمال کا بھی وہی فائدہ ہے جو بیج کا ہے۔
Load Next Story