اسلام آباد میں آپریشن کے رد عمل میں سیکیورٹی خدشات ہیں چیف کمشنر کا طاہرالقادری کو خط

جلسے یا مارچ کیلئے اجازت ضروری ہے اس کے بغیر مارچ کے شرکا کوشہر میں داخلےکی اجازت نہیں دی جائے گی،چیف کمشنراسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کے تحت جلسے یا جلوس کی اجازت نہیں دی جاسکتی، چیف کمشنر، فوٹو:فائل

چیف کمشنر اسلام آباد نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو خط لکھ کر انہیں اسلام آباد میں سکیورٹی خدشات سے آگاہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو خط لکھا گیا ہے جس میں انہیں اسلام آباد میں سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ چیف کمشنر کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہےکہ آپریشن ضرب عضب کے رد عمل میں اسلام آباد میں شدید سکیورٹی خدشات ہیں جس کے باعث شہر کے حساس مقامات پر فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں پہلے ہی دفعہ 144 بھی نافذ ہے جس کے تحت انتظامیہ کی اجازت کے بغیر شہر میں جلسے جلوس، ریلی یار مارچ نہیں کیا جاسکتا ہے۔


خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں جلسے جلوس، ریلی اور مارچ کے لئے انتظامیہ کی اجازت ضروری ہے اس کے بغیر جلسے یا مارچ کے شرکا کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ عوامی تحریک کی جانب سے تاحال اسلام آباد انتظامیہ کو کسی جلسے یا مارچ کی اجازت کے لئے کوئی درخواست بھی نہیں دی گئی ہے۔

 
Load Next Story