وقت کاتقاضہ ہے کہ معاملات افہام وتفہیم سے حل کئے جائیں الطاف حسین
ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ وقت کاتقاضہ ہے کہ سیاسی مخالفت کوبرداشت کرکے معاملات افہام وتفہیم سے حل کئے جائیں۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت لاہور،اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کھڑے کیے گئے کنٹینرز ٹرالر اور دیگر رکاوٹوں کو فوری طور پر ہٹائے کیونکہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج، مظاہرے، مارچ اور جلسے جلوس کرنا ہر جماعت کا آئینی ،قانونی اور جمہوری حق ہے جس سے کسی کو بھی محروم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے پاکستان عوامی تحریک اورتحریک انصاف کے مارچ کوروکنے کیلئے لاہور، راولپنڈی اوراسلام آباد کو کنٹینرز ، ٹرالرز اورطرح طرح کی رکاوٹوں سے سیل کردیاگیا ہے جس کے باعث ان علاقوں کے عوام گزشتہ چارروز سے محصورہیں۔
الطاف حسین نے کہا کہ شاہراہیں بند ہونے سے مریضوں کواسپتال لانے لے جانے میں بھی شدید دشواریوں کاسامنا ہے اورپنجاب بھرکے عوام شدید مشکلات اور پریشانیوں کاشکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کاتقاضہ ہے کہ سیاسی مخالفت کوبرداشت کیا جائے اورمعاملات کوافہام وتفہیم سے حل کیا جائے۔ قائد ایم کیوایم نےعوامی تحریک ،تحریک انصاف اوران کی اتحادی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنا مارچ ، جلسے ، جلوس اورمظاہرے ضرورکریں لیکن انہیں مکمل طور پر پرامن رکھیں۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے لندن میں ایم کیوایم کی اعلیٰ قیادت سے رابطہ کیا اور رکاوٹیں ہٹانے پر متحدہ کی اعلیٰ قیادت کو اعتماد میں لیا جبکہ وفاقی حکومت نے ایم کیوایم کی اعلیٰ قیادت کو وزیراعظم نوازشریف کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ وفاقی حکومت کے اعتماد میں لیے جانے کے بعد ایم کیوایم کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف، وزیرداخلہ چوہدری نثار اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے۔