تحریک انصاف کے ناراض صدر جاوید ہاشمی کا آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان

اپنی جانیں دے دیں گے لیکن ملک میں مارشل لا نہیں لگنے دیں گے، صدر تحریک انصاف جاوید ہاشمی

مجھ سے کسی جماعت کا کوئی رابطہ نہیں ہوا اس قسم کی تمام خبروں کی تردید کرتا ہوں، جاوید ہاشمی فوٹو: آن لائن

تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی نے چیرمین عمران خان کی جانب سے تحفظات دور کرانے پر آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی جانیں دے دیں گے لیکن ملک میں مارشل لا نہیں لگنے دیں گے۔


ملتان میں تحریک انصاف کے وفد نے عمران خان کی ہدایت پر جاوید ہاشمی سے ملاقات کی جس میں ان کے تحفظات سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی جبکہ عمران خان نے بھی ٹیلی فون پر جاوید ہاشمی سے تفصیلی بات کی جس میں ان کی جانب سے جاوید ہاشمی کے تحفظات کو دور کیا گیا۔ ملاقات کےبعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ٹیکنوکریٹس پر مشتمل حکومت بنانے کے مطالبے پر تحفظات تھے جن کو عمران خان نے دور کرادیا ہے جبکہ وہ اس بات کی میڈیا پر بھی وضاحت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کی کامیابی کے لئے مسلسل جدوجہد کررہا ہوں کیونکہ یہ پاکستان کا ایک تاریخی مرحلہ ہے اور اس موقع پر ہم چاہتے ہیں کہ آئین کے اوپر کوئی شکوک و شبہات پیدانہ کیے جائیں کیونکہ آئین کی بالادستی ہمارا پہلا فریضہ ہے۔


جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ ہمارے نزدیک اقتدار،وزارتیں،صدارت اور وزارت عظمیٰ کی نہیں بلکہ آئین کی اہمیت ہے اور مجھے اپنی ذات پر بھی تحفظات نہیں ہوسکتے لیکن آئین پر ہوسکتے ہیں کیونکہ میرا وجود ہی جمہوریت،سیاست اور آئین کی بالادستی ہے،عمران خان نے جو وضاحت کی ہے اس پر مطمئن ہوں جس کےبعد آزادی مارچ کی قیادت کرنے جارہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھ سے کسی جماعت کا کوئی رابطہ نہیں ہوا اس قسم کی تمام خبروں کی تردید کرتا ہوں۔


جاوید ہاشمی نے کہا کہ بحیثیت صدر تحریک انصاف اس بات کی ضمانت دیتا ہوں کہ ہمارے مارچ سے ملک میں مارشل لا نہیں لگے گا اور اس کی ضمانت عمران خان سمیت پارٹی کا ایک ایک کارکن دیتا ہے اور اگر مارشل لگا تو پہلے ہماری لاشیں اٹھانا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو رکاوٹیں لگائی ہیں وہ فوری ہٹائے کیونکہ یہ ملک کی آزادی نہیں بربادی کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ جاوید ہاشمی عمران خان کے ٹیکنوکریٹ حکومت کے مطالبے کے بعد ناراض ہوکر اسلام آباد سے ملتان روانہ ہوگئے تھے جس کے بعد پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ان کو منانے کے لئے ایک وفد ان کی رہائش گاہ بھیجا جبکہ عمران خان نے بھی جاوید ہاشمی کے تحفظات کو فون پر گفتگو کے دوران دور کیا۔
Load Next Story