طاہرالقادری نے جہوریت ڈی ریل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے رحمان ملک

تصادم نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا لیکن ملک مزید کسی تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا، رحمان ملک

اس وقت سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے تمام مقتدر قوتوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا، رحمان ملک فوٹو: ایکسپریس نیوز

سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکومت کو طاہر القادری کے لانگ مارچ کا راستہ نہیں روکنا چاہئے۔



لاہور میں طاہر القادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ انقلاب مارچ کرنا طاہر القادر کا جمہوری حق ہے، پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں کسی احتجاج کا راستہ نہیں روکا اور طاہر القادری نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کا جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تصادم نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا لیکن ملک مزید کسی تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا، سیاست میں ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی ہوتی ہے دشمنی نہیں لہٰذا تمام سیاسی قیادت کو مل کر جمہوریت کو فروغ دینا چاہئے اور ملک کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔


رحمان ملک کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے تمام مقتدر قوتوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں پیپلز پارٹی کا بہت اچھا کردار ہوگا اور آصف زرداری ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لئے اہم کردار ادا کریں گے۔

Load Next Story