انقلاب کےذریعے پاکستان کومغربی طرزکاجمہوری ملک بنائیں گے طاہر القادری

قائد اعظم کے افکار کے مطابق ملک سے مُلا ازم کا خاتمہ کریں گے، سر براہ پاکستان عوامی تحریک

مرکز کے اختیارات کم کر کے ضلعی اور تحصیل کی سطح پر اختیارات کی تقسیم کی جائے گی، طاہر القادری۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ انقلاب کے ذریعے پاکستان کو مغربی ممالک کی طرح پر امن اور جمہوری ملک بنائیں گے

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں انقلاب مارچ کے لئے اسلام آباد روانگی سے قبل طاہر القادری کا کہنا تھا کہ انقلاب اللہ کے فضل سے ملک میں صحیح شراکتی جمہوریت کی بحالی لے کر آئے گا، ہمارا انقلاب 10 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہو گا اور مارچ کے ذریعے ملک کو آئینی، قانونی اور جمہوری حق دلائیں گے۔


طاہر القادری نے کہا کہ انقلاب مکمل طور پر پر امن اور جمہوری ہوگا جس کے ذریعے کروڑوں لوگوں کو غربت سے نجات دلائیں گے، بے گھر افراد کو گھر فراہم کئے جائیں گے، عوام کو کھانے پینے کی اشیاء آدھی قیمت پر فراہم کی جائیں گی، ہر فرد کو روز گار فراہم کیا جائے گا، بچوں کے لئے مفت تعلیم ضروری ہوگی، عوام کو گھر کی دہلیز پر انصاف مہیا کیاجائے گا، انتخابی اصلاحات کی جائیں گی، کسانوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں گے، امیر اور غریب میں فرق ختم کرکے تمام افراد کو برابری کی سطح پر حقوق فراہم کئے جائیں گے، ہر سطح پر احتساب ہو گا اور کرپشن کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

طاہرالقادری نے کہا کہ کسی کو بھی مارشل لاء کی اجازت نہیں دی جائے گی، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا، نئے صوبے بنائے جائیں گے، گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دے کر آئینی حقوق فراہم کئے جائیں گے، مرکز کے اختیارات کم کر کے ضلعی اور تحصیل کی سطح پر اختیارات کی تقسیم ہو گی۔ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے، کسی کو بھی اقلیتیوں پر حملوں کی اجازت نہیں دیں گے، اقلیتوں کو بھی دوسرے شہریوں کی طرح حقوق دلوائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جیسی جمہوریت امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور دیگر مغربی ممالک میں ہے پاکستان کو بھی اسی طرز کا جمہوری ملک بنائیں گے۔ قائد اعظم کے افکار کے مطابق ملک سے مُلا ازم کا خاتمہ کریں گے، خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں برابری کی سطح پر حقوق دیئے جائیں گے۔
Load Next Story