’بھارت صرف فلموں میں ہی بدلہ لیتا ہے‘، ورون دھون پاکستان مخالف بیان پر ٹرولنگ کا شکار

ورون دھون پاکستان مخالف فلم ’بارڈر 2‘ میں سنی دیول اور وکی کوشل کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے


ویب ڈیسک January 06, 2026

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ورون دھون کو پاکستان مخالف اشتعال انگیز بیان دینا مہنگا پڑگیا۔

حال ہی میں ان کی آنے والی متنازع فلم ’بارڈر 2‘ کے گانے کی تقریبِ رونمائی کے دوران دیا گیا بیان سوشل میڈیا پر شدید بحث کا باعث بن گیا ہے۔

تقریب کے دوران ورون دھون نے کہا کہ ’بارڈر 2‘ جیسی فلمیں بنانا اس لیے ضروری ہے تاکہ نئی نسل کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ بھارت اپنے ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت اور حوصلہ رکھتا ہے۔

پاکستان سے جنگ میں 6 جنگی طیارے گنوانے سمیت بھاری نقصان اٹھانے والے بھارت کے اداکار نے اپنی فلم کا ایک ڈائیلاگ بھی بولا کہ ’اس بار بارڈر میں گھسیں گے نہیں، بلکہ بارڈر ہی بدل دیں گے‘۔

ورون دھون کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے سخت ردعمل دیا اور اداکار کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

کئی صارفین نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے طنزیہ تبصرے کیے اور کہا کہ بھارت صرف فلموں میں ہی بدلہ لیتا ہے۔

بعض نے یہ بھی لکھا کہ بھارت کو پاکستان سے غیر ضروری طور پر لگاؤ ہے تب ہی اس کی کوئی بات پاکستان کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔

کچھ صارفین نے بھارتی سنیما کو پروپیگنڈے کا ذریعہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان دشمنی پر بنائی جانے والی اس فلم میں ورون دھون کے علاوہ سنی دیول اور وکی کوشل بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

مقبول خبریں