اہلِ پنجاب کے لیے بڑا انقلابی منصوبہ؛ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام مزید وسیع

جوائنٹ فیملیز کو اپنے گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود اور بالکل آسان اقساط پر قرض فراہم کیا جائے گا


ویب ڈیسک January 23, 2026

لاہور:

اہل پنجاب کے لیے خوش خبری ہے کہ صوبائی حکومت نے اپنے انقلابی منصوبے اپنی چھت اپنا گھر  کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کو ایک سنہرا تحفہ دیتے ہوئے صدیوں پرانی روایت جوائنٹ فیملی سسٹم کو برقرار رکھنے اور سماجی ترقی و ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک انقلابی پیکیج تیار کیا ہے۔ سانجھے چُلھے، سانجھے ویہڑے اور اپنی چھت بھی سانجھی کے تصور کے تحت حکومت پنجاب نے جوائنٹ فیملیز کو خصوصی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے انقلابی پروگرام ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے اسے جوائنٹ فیملیز تک بڑھا دیا ہے، جس کے تحت پنجاب کی جوائنٹ فیملیز کو اپنے گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود اور بالکل آسان اقساط پر قرض فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود قرضوں کے اجرا کی منظوری بھی دے دی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے جون 2026ء  تک ایک لاکھ 60 ہزار گھر بنانے کا بڑا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب میں جن شہریوں کے پاس اپنی زمین نہیں، انہیں زمین بھی فراہم کی جائے گی اور گھر بنانے کے لیے بلاسود اور آسان قرض بھی دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ کے تحت 1534 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی منظوری دے دی ہے۔

پہلے مرحلے میں جہلم میں 194، قصور میں 129، فیصل آباد میں 84 اور لودھراں میں 59 پلاٹس بذریعہ قرعہ اندازی دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنی زمین، اپنا گھر کے پلاٹس کی جلد از جلد قرعہ اندازی کے لیے اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ انہوں نے اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے فنڈز بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کا حکم دیا۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری ہاؤسنگ اور ڈی جی پھاٹا نے تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر کے رجسٹرڈ یوزرز کی تعداد 18 لاکھ 80 ہزار 81 ہے جب کہ درخواست گزاروں کی تعداد 10 لاکھ 66 ہزار 559 ہے۔ اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت پنجاب بھر میں 67 ہزار 197 گھر آباد ہو چکے ہیں جب کہ 53 ہزار 843 مکانات زیر تعمیر ہیں۔

بریفنگ کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر کے تحت 164 ارب 66 کروڑ روپے کے تاریخی قرضے جاری کیے جا چکے ہیں اور اس پروگرام کے تحت ریکوری کی شرح 99 فیصد ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنی چھت، اپنا گھر کے تحت دوسری قسط بھی جلد از جلد ادا کرنے کی ہدایت دی۔

مزید برآں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنی چھت، اپنا گھر کے صارفین کے انتقال کی صورت میں پالیسی مرتب کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

 

مقبول خبریں