روسی فوج کی یوکرین میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی فوجی ترجمان

فوج نے یوکرینی سرحد کی خلاف ورزی نہیں کی اوریوکرین کی جانب سے لگایا جانے والا الزام بے بنیاد اورجھوٹ پر مبنی ہے، روس

روسی فوج کے چند دستوں نے رات کے اندھیرے میں یوکرینی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کی، فوجی ترجمان فوٹو: فائل

یوکرین نے کہا ہے کہ روس کی فوج نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم روس کا کہنا ہے کی یوکرین کی جانب سے لگایا جانے والا الزام سراسر بے بنیاد اورجھوٹ پر مبنی ہے۔

یوکرینی فوج کے ترجمان نے نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ روسی فوج کے چند دستوں نے رات کے اندھیرے میں یوکرینی سرحد میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم یوکرینی فوج نے ان کی یہ کوشش ناکام بناتے ہوئے انہیں دوبارہ پیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔ ترجمان کا کہنا تھا متنازع علاقے میں صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے اور یوکرینی فوج کو ان علاقوں میں روس نواز باغیوں کے علاوہ روسی فوج کی جانب سے بھی مزاحمت کا سامنا ہے۔


ماسکو نے یوکرین کی جانب سے روسی فوج کے سرحد عبور کرنے کے الزام کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا کہ اس کی فوج نے دن کے کسی بھی حصے میں سرحدی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی۔

دوسری جانب نیٹو کے سیکریٹری جنرل آندرے فوگ راسموسن کا کہنا تھا کہ روسی فوج کے یوکرین کی سرحد میں داخل ہونے کی کوششوں سے ثابت ہوتا ہے کہ ماسکو یوکرین میں جارحیت کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
Load Next Story