مشہور برطانوی ریپر اور گلوکار سینٹرل سی نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
گلوکار نے ایک لائیو اسٹریمنگ کے دوران کلمہ شہادت پڑھ کر مسلمان ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہوں نے اپنا نام بھی تبدیل کر لیا ہے۔
27 سالہ فنکار، جن کا اصل نام اوکلی نیل سیزر-سو ہے، نے لائیو اسٹریم میں کہا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنا پہلا نام اوکلی سے تبدیل کر کے عقیل رکھ لیا ہے۔ اسی موقع پر انہوں نے کلمہ شہادت ادا کیا، جس پر ان کے ساتھ موجود دوستوں نے انہیں مبارکباد دی۔
سینٹرل سی نے اپنے روحانی سفر سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم ماضی میں ان کی بعض سوشل میڈیا پوسٹس میں عربی کیپشنز دیکھ کر مداحوں کی جانب سے قیاس آرائیاں کی جاتی رہی تھیں۔ اس سے قبل انہوں نے کبھی کھل کر اپنے مذہبی عقائد پر بات نہیں کی تھی۔
سینٹرل سی کو 2023 میں ریلیز ہونے والے مشہور گانے ’ٹو مچ‘ سے عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ وہ اپنی منفرد موسیقی اور عام زندگی سے جڑے بولوں کی وجہ سے دنیا بھر میں لاکھوں مداح رکھتے ہیں۔
4 جون 1998 کو لندن میں پیدا ہونے والے سینٹرل سی نے 2014 میں اپنے موسیقی کے کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ برطانوی ڈرل اور ریپ میوزک کے نمایاں فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ 2024 میں انہیں دنیا بھر میں سب سے زیادہ سنے جانے والے برطانوی ریپر کا اعزاز بھی حاصل ہوا، جن کے گانوں کو مختلف پلیٹ فارمز پر اربوں بار سنا گیا۔