ریاض:
برطانیہ کے شہزادہ ولیم تین روزہ سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے، جو سعودی عرب کا ان کا پہلا باضابطہ دورہ ہے۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نائب امیرِ ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمن نے ان کا استقبال کیا۔
استقبالیہ تقریب میں برطانیہ میں سعودی سفیر شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سلطان اور سعودی عرب میں برطانوی سفیر اسٹیفن چارلس ہچن بھی موجود تھے۔
کینسنگٹن پیلس کے مطابق یہ دورہ برطانوی حکومت کی جانب سے کیا جا رہا ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
شہزادہ ولیم اپنے قیام کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب گزشتہ برس برطانوی وزیر خزانہ کے دورۂ سعودی عرب کے نتیجے میں 6.4 ارب پاؤنڈ (8.7 ارب ڈالر) مالیت کے تجارتی اور سرمایہ کاری معاہدے طے پائے تھے۔
دورے کے دوران شہزادہ ولیم سعودی عرب کی معاشی اصلاحات، ثقافتی سرگرمیوں اور ماحولیاتی منصوبوں سے متعلق مختلف تقریبات میں شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ وہ نوجوان سعودی شہریوں سے ملاقات کریں گے اور پائیدار ترقی، شہری منصوبہ بندی، خواتین کے کھیلوں، ای اسپورٹس اور تحفظِ ماحول سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیں گے۔
شہزادہ ولیم ماضی میں بھی سعودی ولی عہد سے ملاقات کر چکے ہیں۔ مارچ 2018 میں انہوں نے اپنے والد، اُس وقت کے شہزادہ چارلس کے ہمراہ، لندن میں محمد بن سلمان کے اعزاز میں عشائیہ دیا تھا جبکہ ملکہ الزبتھ دوم نے بھی اسی روز سعودی ولی عہد سے علیحدہ ملاقات کی تھی۔
اپنے دورے کے دوران شہزادہ ولیم تاریخی شہر العُلا کا بھی رخ کریں گے، جہاں وہ جنگلی حیات کے محفوظ علاقوں کا معائنہ کریں گے، مقامی کمیونٹی سے ملیں گے اور پرنس آف ویلز ہاؤس کا دورہ کریں گے، جو برطانیہ اور سعودی عرب کے درمیان فنون اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔