کراچی کی مقامی عدالت نے شعائر اسلام کی بے حرمتی کے کیس میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 30 مارچ تک توسیع کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کی سیشن عدالت وسطی میں شعائر اسلام کی بے حرمتی کے مقدمے میں یوٹیوبر رجب بٹ کی عبوری ضمانت کی سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وسطی نے رجب بٹ کیخلاف کیس میں ملزم کے وکلا کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کرلی۔
عبوری ضمانت پر رہا ملزم یوٹیوبر رجب بٹ عدالت میں پیش ہوئے، مدعی کے وکیل نے موقف دیا کہ ہمارا موقف تھا کہ عدالت کا ٹائم ساڑھے 8 کا ہے لیکن ملزم ساڑھے 9 بجے پیش ہوئے، ملزم کی ضمانت منسوخ کی جائے۔
مدعی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہماری شواہد دینے کے حوالے سے پوری تیاری تھی لیکن ملزم کے وکیل پیش نہیں ہوئے۔
جونیئر وکیل نے کہا کہ ملزم کے وکیل میاں علی اشفاق آفیشل چھٹیوں پر ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پہلے بھی وکیل پیش نہیں ہوئے تھے کوئی باقاعدہ درخواست جمع کروائی جائے۔
عدالت نے ملزم کے وکلا کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کرلی اور ملزم کی عبوری ضمانت میں 30 مارچ تک توسیع کردی۔
واضح رہے کہ ملزم رجب بٹ نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کی تھی، ملزم کیخلاف تھانہ حیدری مارکیٹ میں مقدمہ درج ہوا تھا۔