لکی مروت میں دہشت گردوں کا کواڈ کاپٹر سے پولیس پر حملہ

پولیس نے جدید ڈرون کے ذریعے ایک کواڈ کاپٹر مار گرایا، پولیس کا ڈرون فضا میں اڑا تو دہشت گردوں کے ڈرون غائب ہوگئے


ویب ڈیسک February 13, 2026

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فتنہ الخوارج کی جانب سے کواڈ کاپٹر کے ذریعے پولیس پر حملہ کیا گیا نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں فتنہ الخوارج کے کواڈ کاپٹر حملے میں زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرتے ہوئے خلیفہ گل نواز (KGN) ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈاکٹرز نے دونوں اہلکاروں کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔ ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کی ہدایات پر لکی مروت پولیس، امن کمیٹی اور بنوں پولیس کی بھاری نفری بمعہ APCs جائے وقوعہ پر پہنچی اور علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا۔

کارروائی کے دوران پولیس نے بروقت اور مؤثر حکمت عملی اپناتے ہوئے دہشت گردوں کا ایک کواڈ کاپٹر (ڈرون) مار گرایا جبکہ پولیس کا جدید ڈرون فضا میں بلند ہوتے ہی دہشت گردوں کے ڈرون غائب ہو گئے۔

 

پولیس کو فراہم کیا گیا ڈرون اس آپریشن میں نہایت مؤثر ثابت ہوا جس کی مدد سے کی جانے والی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان خود کے جی این اسپتال پہنچے، زخمی اہلکاروں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور متعلقہ ڈاکٹروں کو ہدایت جاری کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن بہترین علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔

اس موقع پر ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پولیس فورس کے حوصلے بلند ہیں اور ایسے بزدلانہ حملے امن کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ علاقے میں امن و امان کی بحالی تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

مقبول خبریں