قوم نے فیصلہ سنا دیا کہ عمران خان کے سوا کوئی قبول نہیں رہنما تحریک انصاف
تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا ہےکہ قوم نے فیصلہ سنا دیا کہ ہمیں عمران خان کے سوا کوئی قبول نہیں اب ہم اپنی منزل کے حصول تک سفر کو جاری رکھیں گے جبکہ حکمران بھی سن لیں کہ اب کوئی لٹیرا ملک پر راج نہیں کرسکتا ہم اب عمران خان کی قیادت میں آگے بڑھتے جائیں گے۔
اسلام آباد میں آبپارہ چوک پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کی آواز پر لبیک کہنے والوں نے آج تاریخ بدل دی اور لاکھوں عوام فیصلہ کرچکے ہیں کہ ان نمائندے اب یہاں پر موجود ہیں اب نوازشریف اور شہبازشریف کی اجارہ داری ختم ہوجائے گی کیونکہ اب ہمارا وزیراعظم عمران خان ہے عوام کسی اور کا نام سننا نہیں چاہتے۔ انہوں نےکہا کہ اگر کسی نے ہماری آواز کو دبانے کی کوشش کی تو اس کی زبان کھینچ لیں گے، ہم بتادینا چاہتے ہیں کہ ہمیں عمران خان کے سوا کچھ اور قبول نہیں ہے اور وزیراعظم بھی سن لیں یہ قوم کا فیصلہ ہے اور ہم اپنے فیصلے پر عمل درآمد کرانا بھی جانتے ہیں۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ اب کوئی لٹیرا اس ملک پر راج نہیں کر سکتا ہم اب عمران خان کی قیادت میں آگے بڑھتے جائیں گے۔
وائس چیرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ جیسا استقبال اپنی 30 سالہ سیاست میں نہیں دیکھا اور جتنی محبت اور عقیدت عمران خان سے دیکھی ایسی کبھی نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کے حکم پر عمران خان کے قافلے پر قاتلانہ حملہ کرایا گیا کیونکہ یہ لوگ چاہتے تھے کہ مارچ ختم ہوجائے لیکن کارکنوں کے حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے طویل سفر کیا لیکن ان کے حوصلے نہیں تھے اور ان کے حوصلے اس لیے نہیں تھکے کہ انہیں نئے پاکستان کا آغاز کرنا ہے، ہم منزل کے حصول تک سفر جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جس طرح خون کی ہولی کھیلی گئی آج لوگ اسے (ن) لیگ نہیں بلکہ خون لیگ کہتے ہیں جبکہ آج یہاں خوشی کا ماحول ہے اور حکمرانوں کے ایوانوں کے صف ماتم بچھ چکی ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ حکمرانوں نے لوڈشیڈنگ اور بیروزگاری سے نجات دلانے کا وعدہ کیا جو انہوں نے پورا نہیں کیا یہ لوگ جعلی دستاویزات اور جعلی مینڈیٹ بنانے کے ماہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قوم کے نام پر اپنے خاندان کو نوازرہی ہے، آج ایک ایسی حکومت ہے جو اپنے خاندان کو بانٹتی ہے اور غریب کو ڈانٹتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج قوم کے دلوں میں جتنی محبت عمران خان کے لیے ہے ایسی محبت کسی کے لیے نہیں دیکھی، اس ملک میں جتنے بھی حکمران آئے وہ مارشل لا کی نرسیوں سے پل کر جوان ہوئے۔ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب پاکستان کے ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی لیکن آج پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ملکی دفاع کیلئے اس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری اور عمران خان سے توقع کرتا ہوں کہ نوازشریف کا استعفیٰ لیے بغیر گھر واپس نہیں آئیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب تک عمران خان اسلام آباد میں بیٹھیں تب تک ایک بھی کارکن یہاں سے نہیں ہلے گا اب بہتری اسی میں ہے حکمران ملک چھوڑ کر چلے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو تحریک انصاف نہیں بلکہ حکومت ڈی ریل کررہی ہے یہ لوگ آرمی چیف کو ساتھ لے کر گھومتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی حکومت نہیں چلے گی،ملک کے ساتھ بہت مذاق ہوگیا اور اسے بہت لوٹا گیا ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وفاقی حکومت کہتی ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اب تک کیا کیا ہے ہم ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم نے رشوت ختم کی،کمیشن ختم کیا اور قرضے کم کیے اور پولیس کو غیر سیاسی کیا جبکہ وفاقی حکومت نے پولیس کو اپنا غلام بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ظلم ختم کیا اور غریبوں کو انصاف کیا لیکن اس حکومت کو غریب نظر نہیں آتے یہی غریب ان کو کچل کر رکھ دیں گے