اسلام آباد:
پاکستان تحریک انصاف نے کے پی ہائوس کے باہر دھرنا ایک بار پھر شروع کردیا۔
پی ٹی آئی اراکین ایک بار پھر سے روڈ پر بیٹھ گئے، اراکین کی جانب سے نعرے بازی کی گئی، 90 کے قریب پارلیمنٹیرنز اس وقت کے پی ہائوس میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی نے ہدایت دی ہے کہ جب تک محمود خان اچکزائی دھرنا ختم کرنے کا اعلان نہیں کریں گے دھرنا جاری رہے گا۔
قبل ازیں پی ٹی آئی نے آج صبح کے پی ہاؤس اور پارلیمنٹ لاجز کے باہر دھرنے ختم کردیے تھے، وزیراعلیٰ سہیل افریدی اور سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر دھرنے کی جگہ سے روانہ ہوگئے جس کے بعد سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا تھا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی اپوزیشن ارکان اسمبلی کا دھرنا جاری ہے جس میں محمود اچکزئی، علامہ ناصر عباس، اسد قیصر اور سلمان اکرم راجہ و دیگر رہنما شریک ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق دھرنا ختم کرنے کا اعلان محمود خان اچکزئی کریں گے، ہم بانی کی میڈیکل رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں، رپورٹ میں جو بھی آئے گا اسے سب کے سامنے ضرور رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے، اجلاس کی صدارت محمود خان اچکزئی کریں گے۔
اجلاس میں تمام پارلیمنٹیرینز کو شرکت کی باقاعدہ دعوت دے دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا، دھرنے کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان ہے، بانی چیئرمین کی میڈیکل رپورٹ پر بھی تفصیلی غور ہوگا۔