ایران نے کہا ہے کہ وہ اب بھی پُرعزم ہیں اور فیصلہ کن برتری حاصل کیے ہوئے ہیں جس کا اندازہ چند روز میں دشمن کو بھی ہوجائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کی جہادی عزم، حربی صلاحیت اور اسلحہ جاتی طاقت اس سطح پر پہنچ چکی ہے کہ مخالف فریق کو آئندہ چند دنوں میں تعطل اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وزارت دفاع کے ترجمان سردار طلائی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی عسکری صلاحیت اور دفاعی حکمت عملی اسے فیصلہ کن برتری فراہم کر رہی ہے۔ جس کے باعث آنے والے چند دنوں میں دشمن کو جنگ روکنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی جارحانہ دفاعی حکمت عملی قومی اور اسلامی شناخت، تہذیبی پس منظر اور عوامی اتحاد پر مبنی ہے اور یہ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
ترجمان ایرانی وزارت دفاع نے کہا کہ ملک کا دفاعی ڈھانچہ صرف کسی ایک شخصیت پر منحصر نہیں بلکہ ایک منظم اور ادارہ جاتی نظام کے تحت کام کرتا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ایران کا سیاسی و عسکری نظام آئینی اداروں، مسلح افواج، پاسدارانِ انقلاب اور منتخب و غیر منتخب مراکزِ اقتدار کے باہمی توازن پر قائم ہے جس کی وجہ سے قیادت کے مارے جانے یا تبدیلی کے باوجود نظام کا تسلسل برقرار رہتا ہے۔
ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان نے واضح کیا کہ وہ اپنی دفاعی حکمت عملی جاری رکھیں گے اور ملک کے سیاسی و عسکری نظام کے تسلسل میں کوئی خلل نہیں آنے دیا جائے گا۔