ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شامل ٹیمیں اور آفیشلز رل گئے، چوتھی بار مقام تبدیل

پی سی بی نے چوتھی مرتبہ قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا مقام تبدیل کر کے دوبارہ پشاور میں منعقد کرانے کا اعلان کر دیا


زبیر نذیر خان March 04, 2026

پی سی بی کے کمالات کا سلسلہ جاری ہے، چوتھی مرتبہ قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا مقام تبدیل کر کے دوبارہ پشاور میں منعقد کرانے کا اعلان کر دیا، ایونٹ میں شریک ٹیمیں اور آفیشلز رل گئے۔

قبل ازیں ٹورنامنٹ پشاور سے راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ ہونے پر ٹیمیں اپنی منزل پر پہنچنا شروع ہو گئی تھیں،ان میں کراچی وائٹس اور پشاور زون کی ٹیمیں بھی شامل تھیں۔

گزشتہ روز ایونٹ ملتان میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا،تاہم رات گئے ہونے والے اجلاس میں ٹورنامنٹ کو لاہور میں منعقد کرانے کا فیصلہ ہوا،مذکورہ فیصلے کی روشنی میں کراچی بلوز کی ٹیم بھی بدھ کو پروگرام کے مطابق کراچی سے لاہور پہنچ گئی لیکن اچانک ٹورنامنٹ دوبارہ پشاور منتقل کرنے کا فیصلہ آگیا۔

دوسری جانب پی سی بی نے بیک وقت قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ اور دورہ بنگلہ دیش کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا، حیرت انگیز طور پر ٹورنامنٹ میں کراچی بلوز کے وکٹ کیپر کپتان محمد غازی غوری کا نام بھی دونوں ٹیموں میں شامل ہے۔

دریں اثنا پاکستان کرکٹ کلب سے تعلق رکھنے والے غازی غوری کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کے بعد رمیز عزیز کو کراچی بلوز کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

مقبول خبریں