آبنائے ہرمز کی بندش؛ حملوں کا خدشہ؛ قطر نے گیس کی برآمدات معطل کردیں

قطر کی سرکاری توانائی کمپنی نے اس ہفتے گیس کی پیداوار روک دی ہے


ویب ڈیسک March 05, 2026
قطر سے گیس کی سپلائی معطل ہونے پر دنیا بھر میں قلت ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا

قطر نے گیس برآمدات پر فورس میجر نافذ کر دیا جس کے باعث عالمی منڈی میں قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خلیجی ریاست قطر نے قدرتی گیس کی برآمدات معطل کردی ہیں جس کے باعث عالمی گیس مارکیٹ میں کئی ہفتوں تک قلت پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

قطر کی سرکاری توانائی کمپنی نے اس ہفتے گیس کی پیداوار روک دی ہے جب کہ معمول کی پیداوار بحال ہونے میں کم از کم ایک ماہ لگ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ قطر دنیا کی تقریباً 20 فیصد مائع قدرتی گیس (LNG) برآمد کرتا ہے اور اس کی عالمی منڈیوں تک تمام تر سپلائی آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) کے ذریعے ہوتی ہے۔

ایران نے اسرائیلی اور امریکی حملوں کے جواب میں آبنائے ہرمز کو بند کردیا ہے جس کے باعث اس اہم ترین آبی گزرگاہ میں جہاز رانی تقریباً رک گئی ہے۔

قطر کی گیس زیادہ تر یورپ اور ایشیا کو فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے بڑے خریداروں میں پاکستان، جنوبی کوریا، بھارت، جاپان اور چین شامل ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گیس کی فراہمی میں تعطل کے باعث اب ان ممالک میں ممکنہ قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق پیداوار رکنے کے بعد بحرِ اوقیانوس اور بحرالکاہل کے علاقوں میں ایل این جی کارگو کے حصول کے لیے مقابلہ بڑھ گیا ہے۔

جس کے باعث یورپ اور ایشیا میں گیس کی قیمتیں اور ایل این جی فریٹ ریٹس کئی برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

 

 

مقبول خبریں