کراچی:
یوم پاکستان کے موقع پر گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی۔
مزار قائد پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ قیدی نمبر 804 کا مقدمہ زیر التوا ہے، عدالت انہیں چھوڑ سکتی ہے حکومت نہیں، میرا سیاسی اور عوامی کردار مراد علی شاہ ادا کریں گے۔
نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک قرارد کے ذریعے پاکستان کے قیام کا تعین کیا، پاکستان بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ جو بنیاد ہمارے بزرگوں نے رکھی تھی اس کی منزل ابھی آگے ہے، ہمیں دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان عظیم قوم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر قائد اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، قائد اعظم نے ملک کی بنیاد رکھی، سندھ مسلم لیگ نے پاکستان کے قیام کی قراداد منظور کی تھی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے ملک کو طاقت شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ایٹمی پروگرام کی وجہ سے ملی، فلیڈ مارشل کی قیادت کی وجہ دشمن ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ہمیں اپنے اندرونی اختلافات ختم کرنے ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کشمیر کے بھائی بھارت کے مظالم سے پریشان ہیں، مسلم ممالک کے لیڈران کو چاہیے کہ وہ جنگ کے ماحول کو جلد ختم کریں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ قدرتی گیس ایک طریقہ کار کے تحت وفاق کو دی ہے، وفاق ہماری مدد کر رہی ہے، بجٹ کے حوالے سے وفاق سے اپنے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی، اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شہید محترمہ اور صدر زرداری کی وجہ سے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی ملی، بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
مرتضی وہاب نے کہا کہ چھوٹے لوگوں کو چھوٹی چیزیں نظر آتی ہیں، سیاسی حریف کو کہتا ہوں کہ سیاست ریاست سے بڑی نہیں ہوتی، کراچی میں ترقیاتی کاموں کے دوران سب سے زیادہ سے زیادہ مشکلات ہو تی ہیں، عید کے دن بھی ہمارے منصوبوں پر کام چل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں کی وجہ سے منصوبوں پر اضافی اخراجات لگے سکتے ہیں، تنقید کرنے کے لیے کوئی وجہ نہیں چاہیے ہوتی، کراچی کے ترقیاتی کاموں کو امید ہے مقررہ وقت پر مکمل کریں گے، جماعت اسلامی کی تنقید کا کوئی جواب نہیں دینا چاہتا، گل پلازہ میں دوبارہ آگ خالی جگہ پر نشہ کرنے والوں کی وجہ سے لگی، نشے کرنے والوں نے تار چوری کرنے کے لیے آگ لگائی تھی۔