اجے کی سنگھم ریٹرنز کے باعث ایکسپینڈیبل 3 کی نمائش ملتوی

نہیں چاہتا کہ فلم کی نمائش سے بھارتی ’’ریمبو‘‘ کے ساتھ میرا ٹکراؤ ہو، سلویسٹر اسٹالون

’’سنگھم ریٹرنز‘‘ نے دو دن میں 50 کروڑ کما لیے، فارمولا مگر اسٹار پاور فلم ہے، رائے فوٹو : فائل

یہ سننے میں عجیب ہوسکتا ہے مگر تحقیقات کے بعد پتہ چلا ہے کہ بالی ووڈ اسٹار اجے دیوگن کی فلم ''سنگھم ریٹرنز '' کی ریلیز کے باعث ہالی ووڈ اسٹار سلویسٹر اسٹالون کی فلم ''دی ایکسپینڈیبل 3 '' کی نمائش کو ایک ہفتہ کے لیے سینماؤں میں نمائش سے روک دیا گیا ہے تاکہ کہیں دونوں فلموں کا ٹکراؤ نہ ہوجائے اور ایسا نہ ہو کہ اسٹالون کی فلم بیک فٹ پر چلی جائے۔


اس بابت ہالی ووڈ کے اسٹار اداکاروں کے جھرمٹ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے سلویسٹر اسٹالون(ریمبو ) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کا تصادم بھارتی ریمبو(اجے دیوگن ) سے ہو۔ اپنی گفتگو میں اسٹالون نے اجے دیوگن کا نام تو نہیں لیا مگر اسے اپنا انڈین ورژن(بھارتی ریمبو) کہہ کر ضرور مخاطب کیا ہے۔

دوسری طرف فلم ''سنگھم ریٹرنز'' اپنی ریلیز کے دو دن میں 50 کروڑ روپے کا بزنس کر گئی۔ روہت شیٹی کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم پرانی فلم سنگھم کا سیکوئل ہے جس میں مرکزی کردار اجے دیوگن اورکرینہ کپور نے ادا کیا ہے۔ بعض حلقے فلم کی کہانی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہہ رہے ہیں' فلم صرف اسٹار پاور کی وجہ سے کامیاب ہوئی ہے ورنہ اس میں فارمولا انتہائی ناقص ہے۔
Load Next Story