کے ای ایس سی نے اضافی بلنگ کی خبروں کوسازش قرار دیدیا

اوسط اور اضافی بلنگ کے احکامات دینے والے افسران کیخلاف کارروائی سے گریز.

بلنگ عمل شفاف ہے،کے ای ایس سی،آفیشل ای میلز موجود ہیں،نمائندہ ایکسپریس فوٹو: فائل

کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اضافی بلنگ اور چوری کے نام پر شہریوں سے ہر ماہ خطیر رقوم کی وصولی کے اسکینڈل کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے۔

اس معاملے کو اپنے خلاف سازش قراردے دیا ہے،کے ای ایس سی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے شائع ہونے والی خبریں بد نیتی پر مبنی ہیں اور ان کا مقصد سنسنی پھیلانا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بعض عناصر نجی کمپنی اور اس کی کامیابیوں پر اس کے صارفین میں منفی تاثر پیدا کرنے کے لیے اور خاص طور پر اپنے ذاتی مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے یہ کھیل کھیل رہے ہیں۔


کے ای ایس سی نے کہا کہ بلنگ کے پورے عمل پر اس طرح کے گمراہ کن بیانات افواہ سازوں کے تعصب اور ان کی جہالت کی عکاسی ہے،انھوں نے کہا کہ کتنے یونٹ کا بل بھیجا گیا ہے کہ اس کا باقاعدہ ثبوت میٹر پر موجود ہوتا ہے اور اسے خود صارفین اپنے میٹر پر بھی چیک کرسکتے ہیں۔

کے ای ایس سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کے ای ایس سی صارفین کے مفاد کو ہر صورت میں ترجیح دینے کے لیے اپنی جانب سے کی جانے والی تمام کوششوں او ر ان کی کامیابیوں کے لیے اپنی تمام عملی کارکردگی میں شفافیت پر فخر کرتی ہے،اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کے ای ایس سی کیخلاف گھڑے گئے الزامات کی حقیقت ثبوت کے بغیر مشکوک ہے۔

واضح رہے کہ ایکسپریس کے پاس موجود کے ای ایس سی کے ڈی جی ایم ڈسٹری بیوشن فنانس محمد شعیب صدیقی کی جانب سے بھیجی جانے والی تینوں آفیشل ای میلز بطور ثبوت موجود ہیں جن میں کے ای ایس سی کے ڈپٹی چیف آپریٹنگ آفیسر ریجن ون ارشد افتخار اور ان کے ماتحت جنرل منیجرز کو مخاطب کرتے ہوئے اوسط اور اضافی بلنگ کی واضح ہدایات دی گئی ہیں۔
Load Next Story