دھابے جی میں پانی کا شدید بحران شہری بوند بوند کو ترس گئے

موٹر خراب ہونے کے باعث غریب آباد مارکیٹ، بلال نگر، ماڈل ٹاؤن و دیگر علاقوں کو 4 روز سے پانی کی فراہمی بند

موٹر خراب ہونے کے باعث غریب آباد مارکیٹ، بلال نگر، ماڈل ٹاؤن و دیگر علاقوں کو 4 روز سے پانی کی فراہمی بند۔ فوٹو: فائل

دھابے جی میں پینے کے پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، 4 روز سے پانی کی قلت کے باعث شہری بوند بوند کو ترس گئے، پینے کے پانی کی مین لائن سے غیر قانونی کنکشن فوری کاٹنے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق یو سی دھابے جی کے علاقے غریب آباد مارکیٹ، بلال نگر، شیخ مجید کالونی، ماڈل ٹاؤن، یعقوب آباد، زرین کالونی، نئی آبادی سیت نواحی علاقوں میں گزشتہ 4 روز سے پینے کی پانی کی فراہمی بند ہے جس کے باعث پانی کا شدید بحران ہے اور شہری بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔


بحران کی سب سے بڑی وجہ پانی سپلائی کرنے والی موٹریں ہیں، تعلقہ میونسپل انتظامیہ نے دھابے جی کی گنجان آبادی کو پانی فراہم کرنے کے لیے 2 چھوٹی موٹریں نصب کی ہیں جوکہ کئی سال پرانی ہوجانے کے باعث ناکارہ ہوچکی ہیں اور اکثر خراب ہوجاتی ہیں۔ دوسری جانب مین لائن سے پرائیویٹ اداروں کو دیے گئے سیکڑوں غیر قانونی کنکشنوں کے باعث پریشر نہ ہونے سے علاقہ مکین پانی سے محروم رہتے ہیں۔

یوسی انتظامیہ کے مطابق ایک موٹر خراب ہوجانے کے باعث علاقے میں پانی کی فراہمی متاثر ہورہی ہے۔ علاقہ مکینوں نے تعلقہ میونسپل آفیسر سمیت ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کے پینے کے پانی کی مین لائن سے پرائیویٹ اداروں کو دیے گئے غیر قانونی کنکشن فوری طور پر کاٹ کر شہریوں کو پینے کا کام فراہم کیا جائے۔
Load Next Story