رینٹل پاور کیس میں نیب کی کمپنیوں سے 3ارب کی وصولی

توہین عدالت کے نوٹس میں آج سپریم کورٹ میں جواب داخل کیا جائے گا

توہین عدالت کے نوٹس میں آج سپریم کورٹ میں جواب داخل کیا جائے گا فوٹو: فائل

رینٹل پاورکیس میں نیب نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کمپنیوں سے تقریباً3ارب روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرائی ہے ۔

نیب کی جانب سے عملدرآمد نہ کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے توہین عدالت کے نوٹس میں جواب آج سپریم کورٹ میں داخل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ رینٹل پاور کیس میں نیب نے قومی خزانے کی ریکوری کو ترجیح دی اور تقریباً3 ارب روپے رینٹل پاور کمپنیوں سے وصول کیے اور کئی کمپنیوں کے ساتھ ریکوری کے حوالے سے معاہدے کیے۔


کمپنیوں کیلیے لوگوں کو گرفتار کیے بغیر قومی خزانے کی ریکوری ممکن نہیں تھی۔ چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری اور دیگر افسران آج سپریم کورٹ میں فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے حوالے سے جاری توہین عدالت نوٹسز کا جواب داخل کرنے کیلیے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے سامنے پیش ہوں گے اور رینٹل پاور کیس میں اپنی پیش رفت رپورٹ بھی پیش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے رپورٹ میں رینٹل پاور کیس میں وزیر اعظم راجا پرویز اشرف جنہوں نے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل نیب میں رینٹل پاور کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نیب ہیڈ کوارٹر میں حاضر ہو بیان ریکارڈ کرایا تھا۔

اس کے علاوہ کمپنیوں کے نمائندوں کے ریکارڈ شدہ بیانات کی تفصیلات بھی سپریم کورٹ میں پیش کی جائیں گی،رپورٹ میں رقم کی وصولی کیلیے کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں،ریکوری کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق نیب کے جواب میں موقف اختیارکیا گیا ہے نیب سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ذمے داروں کے خلاف ریفرنسز دائر کرے گا۔
Load Next Story