لاہورمیں ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ایجوکیشن اور کیرئیر ایکسپو میں طلبا کی بڑی تعداد کی شرکت

ایکسپو کا افتتاح اوریا مقبول نے کیا، وفاقی وزیر کامران مائیکل اور نائیجیریا کے ڈپٹی گورنر محمد علی کی شرکت

ایکسپریس میڈیا گروپ کے تحت منعقدہ ایجوکیشن ایکسپو کا افتتاح صوبائی سیکریٹری آرکا ئیو اوریا مقبول جان کر رہے ہیں۔ فوٹو : ظہور الحق/ ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام 2 روزہ ایجوکیشن اورکیریئر ایکسپو جمعرات کو فلیٹیز ہوٹل میں شروع ہوگئی جس میں تعلیم، مستقبل کے لیے ملازمت کے امکانات، بیرون ممالک تعلیم کے حصول کے لے کاؤنسلنگ کے علاوہ تفریح کا بھی خصوصی اہتمام کیاگیا ہے۔


ایکسپو میں پینٹنگ، تقاریر، گلوکاری کے مقابلے، فیشن اور ڈراموں سمیت مختلف آئٹمز بھی شامل تھے۔ ایجوکیشن اورکیریئر ایکسپو میں ملک بھر کی سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کی جانب سے60 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں۔

بعض اداروں کی طرف سے وزیٹرز کے لیے بلڈ پریشر، شوگر ٹیسٹ اور آنکھوں اور دانتوں کے معائنے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے لاہور میں پہلا جبکہ پاکستان میں چوتھا ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو تھا جسے طلبہ وطالبات میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔

پہلے روز ملک کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں پورٹ اینڈ شپنگ کے وفاقی وزیر سینیٹر کامران مائیکل، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر خلیق الرحمن، لاہورویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر صبیحہ منصور، چیئرمین لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پروفیسرڈاکٹر نصراﷲ ورک، ڈی جی پنجاب پبلک لائبریری ڈاکٹر ظہیراحمد خان اورنیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرمرتضیٰ جعفری نے خصوصی طورپر شرکت کی اور اسٹالز کامعائنہ کیا۔ شو بز سے تعلق رکھنے والی شخصیات ہدایتکار حسن عسکری، سید نور، مدیحہ گوہر، جواد احمد سمیت دیگرعلمی، ادبی اور سماجی شخصیات نے بھی ایکسپو میں شرکت کی۔

ایکسپو کا افتتاح معروف دانشور اور سیکریٹری آرکائیوز ایس اینڈ جی اے ڈی پنجاب اوریا مقبول جان نے کیا۔ مہمانوں کی پذیرائی کے لیے ایکسپریس میڈیا گروپ کی طرف سے جنرل منیجر مارکیٹنگ میڈم شرمین خرم، ایڈیٹر ایڈیٹوریل لطیف چوہدری اور چیف رپورٹر روزنامہ ایکسپریس لاہور خالد قیوم موجود تھے۔ میڈم شرمین نے ایکسپریس میڈیا گروپ کی طرف سے معزز مہمانوں کے علاوہ اسٹالز لگانے والے اداروں کو خوش آمدید کہا۔ افتتاح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اوریا مقبول جان نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کو عالمی معیار پر پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ اس طرح کے کیرئیر ایکسپو لگتے رہیں، کیریئر ایکسپو میں60 نجی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں کی طرف سے اسٹالز لگانا خوش آئند ہے۔

 




مختلف اسٹالز پر بچوں کے لیے سمارٹ ایجوکیشن پروگرامز اور طلبہ وطالبات کے لیے بہترین یونیورسٹیوں کے انتخاب کے حوالے سے کاؤنسلنگ کی گئی جو ایکسپریس کا اعزاز ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے ایکسپوز سے والدین اور ان کے بچوں میں تعلیم کے حوالے سے آگاہی ملے گی اور والدین کو اپنے بچوں کی کیریئر پلاننگ کے حوالے سے مدد ملے گی کہ ان کے بچے مستقبل میں کیا بننا چاہتے ہیں اور والدین اپنے بچوں کو کیا بنانا چاہتے ہیں، ملک میں جاری تعلیمی بحران کے حل کے لیے یہ اچھا اقدام ہے، حکومت کو بھی ایسے پروگزامز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ پاکستانی یوتھ دنیا میں نام پیدا کررہی ہے ہمارے نوجوان پڑھے لکھے اور صلاحیتوں سے مالامال ہیں، وسائل کی کمی ہوسکتی ہے لیکن صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ایکسپریس نے نوجوانوں کے لیے تعلیمی کیریئر ایکسپو کا انعقاد کرکے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں ابھارنے کے لیے اچھا موقع فراہم کیاہے۔ وفاقی وزیر کامران مائیکل نے اسٹالز کا دورہ بھی کیا اور متعلقہ اسٹاف سے ان کی پراڈکٹ سے متعلق بریفنگ لی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان پوری دنیا میں تعلیمی میدان میںاپنا لوہا منوا رہے ہیں ان کے پاس وسائل کی کمی تو ہوسکتی ہے لیکن صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں۔ انھوں نے ایکسپریس میڈیاگروپ کو ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اس سے نوجوانوں کی صلاحیتیں ابھارنے میںمدد ملے گی، اس طرح کے ایجوکیشن ایکسپو مزید ہونے چاہئیں تاکہ نوجوانوں کواپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں آسانی ہوسکے۔ ممبر صوبائی اسمبلی شہزاد منشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفاقی وزیر نے شریف میڈیکل اینڈڈینٹل کالج کے اسٹال پر اپنا بلڈ پریشر بھی چیک کرایا۔

نائیجیریا کے ڈپٹی گورنر اور چیئرمین کمیٹی برائے صحت محمد علی نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا اہتمام کرکے تعلیم کے فروغ اور کیریئر اپنا نے کے سلسلے میں نوجوانوں کو رہنمائی کے بہترین مواقع مہیا کردیے ہیں اس سے نہ صرف نوجوان نسل کے مستقبل کو روشن بنایا جاسکتا ہے بلکہ ملک کی تعمیرو ترقی میں بھی مدد مل سکتی ہے۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر خلیق الرحمن نے کہا کہ اس قسم کی تعلیمی نمائشیں تعلیم کے فروغ میں بڑا اہم کردار ادا کرتی ہیں، اسٹوڈنٹس کو مختلف نوعیت کی معلومات ایک ہی چھت کے نیچے پیش کرکے ایکسپریس میڈیا گروپ نے تعلیم کے فروغ میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔

ایسی نمائشیں آئندہ بھی ہوتی رہنی چاہئیں۔ نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرمرتضیٰ جعفری نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے لاہورمیں پہلی مرتبہ تعلیم کے شعبے کوفروغ دینے کے لیے جس نمائش کاانعقاد کیا ہے اس پر ایکسپریس کی انتظامیہ کومبارکباد پیش کرتاہوں، ہمارے ملک میں بے پناہ مسائل ہیں لیکن سب سے بڑا مسئلہ تعلیم کاہے، اس وقت ہمارے ملک میں نوجوانوں کی کثیرتعداد تعلیم سے محروم ہے اس لیے تعلیم کے شعبے کی پروموشن کے لیے منعقدہ نمائش میں نوجوانوں کی اتنی بڑی تعداد دیکھ کربہت خوشی ہوئی اورمیں سمجھتاہوں کہ اس طرح کی نمائشوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ مختلف پرائیویٹ کالج اور یونیورسٹیوں کے اسٹالزکے ذریعے نوجوانوں کواپنے کیریئر کی مناسبت سے بہترین رہنمائی دی جارہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر مرتضیٰ جعفری نے کہا کہ آئندہ ہونے والی اس طرح کی نمائش میں نیشنل کالج آف آرٹس بھرپورشرکت کرے گا۔ اس موقع پرمدیحہ گوہر، مسعود اختر، سید نور اور حسن عسکری نے کہاکہ ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے اس ایکسپو کا انعقاد بہت خوش آئندہے، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے درمیان ڈراموں کے مقابلے سے اس شعبے میں بہتر لوگ آسکتے ہیں، ایکسپریس نے جو پلیٹ فارم مہیا کیاہے اس سے اداکاری، ہدایتکاری، فلم میکنگ، گلوکاری اور پینٹنگز سمیت آرٹس کے دیگر شعبوں کو فروغ دیاجاسکتاہے۔

تقاریر کے مقابلے کے ججز احمد سہیل بسرا اور اعجاز احمد، ڈراموں کے مسعود اختر، سید نور، حسن عسکری اور مدیحہ گوہر اور گلوکاری کے مقابلے کے لیے وارث بیگ، جواد احمد، ہنی راج اورکبیر شاہ کاظمی ججز تھے۔ رنگا رنگ پروگرام کے میزبان فرہاد خان اور سندس تھے۔کیریئر ایکسپو کو رنگین اور دلچسپ بنانے کے لیے اسکول کے طلبہ وطالبات کی جانب سے پینٹنگز، تقاریر، گانے، ڈانس، فیشن شو اور ڈراموں کے مقابلوں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جن سے شرکا خوب محظوظ ہوئے۔ خاص طور پر بچوں نے تقریب کو خوب انجوائے کیا۔

کیریئر ایجوکیشن ایکسپو میں اسٹالز لگانے والے اداروں کے منتظمین اور ڈائریکٹرز کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم سب کے لیے فائدہ مند ہے۔ ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام کیریئر ایجوکیشن ایکسپو میں آنے والے طلبہ وطالبات کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا پروگرام ہے اس سے معلومات میں اضافہ ہوتا اور ایک ہی چھت تلے زیادہ سے زیادہ معلومات مل سکتی ہیں اس طرح کی تقاریب کا انعقاد ہوتا رہنا چاہیے جس سے اعلیٰ تعلیم کے لیے اچھے تعلیمی اداروں کا انتخاب کرنا آسان ہوگا۔ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو آج بھی صبح 10 بجے سے شام 7 بجے تک جاری رہے گی۔
Load Next Story