غزہ میں صیہونی فوج کے تازہ فضائی حملے میں 5 فلسطینی شہید متعدد زخمی
اسرائیلی طیاروں کی غزہ کے مرکزی علاقے پر بمباری کے نتیجے میں مزید 5 فلسطینی شہید اورمتعدد زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی مطابق نصرت کےعلاقے میں اسرائیلی ڈرون نے ایک گھر کو نشانہ بنایا جس میں 2 نوجوان شہید ہوگئے۔ اسی علاقے میں ایک اور حملہ کیا گیا جس میں مزید 2 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ دیر البالہ میں ہونے والے فضائی حملے میں بھی 45 سالہ فلسطینی شخص شہید ہوگیا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے حماس کے کمانڈروں کی شہادت کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے دیگر رہنماؤں پر بھی حملے کئے جائیں گے جب کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ میں بمباری جاری رکھنے کے اپنے عزم کو دہرایا۔
ادھر حماس نے غیر ملکی ایئرلائنز کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن فوری طورپر بند کردیں ورنہ جانی ومالی نقصان کے ذمے داروہ خود ہوں گے۔
واضح رہے کہ 8 جولائی سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 2 ہزار 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بچوں اورخواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے جب کہ حماس کے راکٹ حملوں میں بھی اب تک 67 اسرائیلی مارے جاچکے ہیں جن میں زیادہ تعداد صیہونی فوجیوں کی ہے۔