ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ایجوکیشن اینڈ کیرئیر ایکسپو اختتام پذیر

اسپیکر پنجاب اسمبلی، صوبائی وزیر خلیل طاہر، وی سی پنجاب یونیورسٹی مجاہدکامران اور صدر لاہور چیمبر سہیل لاشاری کی شرکت

اسپیکر پنجاب اسمبلی، صوبائی وزیر خلیل طاہر، وی سی پنجاب یونیورسٹی مجاہدکامران اور صدر لاہور چیمبر سہیل لاشاری کی شرکت۔ فوٹو : ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام 2 روزہ ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو اختتام پذیر ہوگئی۔

ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپومیں نجی و سرکاری جامعات اور کالجوں کے طلاہ وطالبات کی ریکارڈ تعداد نے شرکت کی۔ جمعہ کو شہریوں کی بڑی تعداد نے ایکسپو میں شرکت کرکے 60 سے زائد جامعات اور دیگر تعلیمی اداروں کے اسٹالز کا دورہ کرکے معلومات حاصل کیں۔ جن میں تعلیم کہاں حاصل کرنی ہے اور کس ادارے میں جانا ہے کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔اس موقعے پر اسٹالز پر موجود سٹاف نے شہریوں کو اپنے تعلیمی اداروں اور مقاصد کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپوکے آخری روز اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں ،صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو،ڈی ایم جی گریڈ20 کے آفیسر ڈائریکٹنگ سٹاف پاکستان ایڈمنسریٹیو سٹاف کالج لاہور و ایکسپریس کے کالم نگار ڈاکٹر راؤ منظر حیات،وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی مجاہد کامران،صدر لاہور چیمبر آف کامرس انجینئر سہیل لاشاری سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

طلبا وطالبات اور ان کے والدین نے ایکسپریس میڈیاگروپ کی جانب سے ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو میں ایک ہی جگہ پرایجوکیشن اورکیریئر اشتراک کیلیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی اور اسے بے حد سراہا۔ کیریئر ایجوکیشن ایکسپو کو حاضرین نے خوب سراہا ایکسپو میں مختلف پرائیویٹ کمپنیوں، اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کے60 سے زائد اسٹالز لگائے گئے۔ یونیورسٹیز اورکالجز کے اسٹال ہولڈرزکا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم سب کیلیے فائدہ مند ہے۔کیریئر ایکسپو کو رنگین اور دلچسپ بنانے کے لیے اسکول کے طلبا وطالبات کی جانب سے پینٹنگ، تقاریر ، گانے اور ڈرامیٹکس مقابلے بھی ہوئے جن کو دیکھ کرشرکا خوب محظوظ ہوئے۔

خاص طور پر بچوں نے تقریب کو خوب انجوائے کیا۔ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام کیریئر ایجوکیشن ایکسپو میں آنے والے شرکاکا کہنا تھا کہ اگر اس طرح کی تقاریب کا انعقاد ہوتا رہنا چاہیے جس سے اعلیٰ تعلیم کیلیے اچھے تعلیمی اداروں کا انتخاب کرنا کوئی زیادہ مشکل نہیں رہے گی۔ حکومت کو بھی ایسے پروگرامز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپوکے دوسرے اور آخری روز ایکٹویٹی ہال میں مختلف مقابلے ہوئے جس میںسرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کے طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔ مختلف مقابلوں میں شرکت کرکے پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے میدان مار لیا اوربہترین یونیورسٹی کاپہلا انعام اپنے نام کرلیا۔



اس موقعہ پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات کو انعامات اور شیلڈز دی گئیں ۔ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے جنرل منیجر مارکیٹنگ شرمین خرم نے کامیابی حاصل کرنیوالے طلبا وطالبات میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈز پیش کیں۔ تقریری مقابلے میں پنجاب یونیورسٹی کے عثمان سعید نے پہلی، سپئریر کالج کے رضا نے دوسری اور پنجاب یونیورسٹی کے سبطین نے تیسری پوزیشن حاصل کی، ڈرامہ کے مقابلہ میں پنجاب یونیورسٹی نے پہلی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے دوسری، ڈانس کے مقابلے میں بیکن ہاؤس لاہور نے پہلی، پنجاب یونیورسٹی نے دوسری، ایمپیریل یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔گانے کے مقابلے میں پنجاب یونیورسٹی نے پہلی، بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی میں دوسری اور لاہور لیڈز یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی، ایڈ کے مقابلہ میں یو ایم ٹی نے پہلی، فاسٹ لاہور نے دوسری اور پنجاب یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔


مختصر فلم کے مقابلہ میں لاہور کالج ویمن یونیورسٹی نے پہلی، پنجاب یونیورسٹی نے دوسری اور فاسٹ یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کرکے میدان مارا، فیشن شو میں سٹیپ نے پہلی اور پنجاب یونیورسٹی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح بینڈ کے مقابلہ میں ایف سی اور پنجاب یونیورسٹی نے پہلی، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے دوسری اور گورنمنٹ کالج نے تیسری جبکہ فوٹو گرافی میں فاسٹ نے پہلی، لاہورکالج ویمن یونیورسٹی نے دوسری اور سٹیپ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔مجموعی طور پر پنجاب یونیورسٹی کے طلبا و طالبات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے بہترین یونیورسٹی کا انعام حاصل کرلیا۔ ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان نے کہاہے کہ تعلیم آج کے دور کی اہم ضرورت ہے اس کے بغیر ترقی نا ممکن ہے۔ایکسپریس میڈیا گروپ کی طرف سے تعلیمی ایکسپو بڑا احسن اقدام ہے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایجوکیشن اور کیریئر ایکسپو کا انقعادسے تعلیمی رجحا ن مستقبل میں ملازمتوں کے امکانات بڑھیں گے۔ اس سے والدین کو اپنے بچوں کے لیے کیریئر کی پلاننگ میں بھی مدد ملے گی۔اسپیکر رانا محمد اقبال خان نے ایکسپو میں لگائے گئے تمام تعلیمی اداروں کے اسٹالز کا وزٹ کیا اور ان سے بریفنگ بھی لی ۔صوبائی وزیرانسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے بھی ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپوکا وزٹ کیا۔وہ تمام تعلیمی اداروں کے لگائے اسٹالز پر گئے اوران سے بریفنگ لی اس موقع پرانھوں نے کہاکہ ایکسپیریس میڈیا گروپ مبارکباد کا مستحق ہے اس نے تعلیم کو پھیلانے کیلیے انقلابی کوشش کی ہے اس سے نوجوان نسل کو اپنے کیریئر کو مزیدآگے بڑھانے کیلیے نئے راستے ملیں گے۔ڈی ایم جی گریڈ 20 کے آفیسر ڈائریکٹنگ اسٹاف پاکستان ایڈمنسریٹیو سٹاف کالج و ایکسپریس کے کالم نگار ڈاکٹر راؤ منظر حیات نے بھی ''ایجوکیشن اینڈ کیرئیر ایکسپو'' کا دورہ کیا اور یونیوسٹیوں اور کالجز کی طرف سے تعلیم کی آگاہی کے حوالے سے لگائے گئے اسٹالز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کو عالمی سطح پر پہنچانے کیلیے ضروری ہے کہ اس طرح کے کیرئیر ایکسپو لگتے رہیں۔ملک میں جاری تعلیمی بحران کے حل کیلیے یہ اچھا اقدام ہے۔لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرانجینئر سہیل لاشاری نے ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپوکے دورے کے موقع پر مختلف اسٹالز دیکھے اور اسٹالز ہولڈرزسے معلومات حاصل کرنے کیساتھ گپ شپ بھی کی ا ورایکسپو میں شریف میڈیکل کالج کے اسٹال سے بلڈ پریشر اورشوگر چیک کروائی جبکہ کتابوں کے اسٹال سے دوکتابیں خریدیں۔

اس موقع پر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ ایسی نمائشوں کا انعقاد خوش آئند ہے۔ان کا انعقادسالانہ کی بجائے سہ ماہی بنیادوں پرکیا جائے۔انھوں نے ایکسپو کے انعقاد پر ایکسپریس میڈیا گروپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش یورپی ممالک کی سطح کی ہے۔وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر مجاہد کامران نے کہاکہ ایکسپریس میڈیا گروپ کی تعلیم کے فروغ کیلیے گراں قدرخدمات ہیں اور یہ اعزاز بھی انھیں کو حاصل ہے کہ دنیابھر میں تعلیم اور تحقیق کے میدان میں جدت کوملکی سطح پر بھی اسطرح کی نمائشوں کے ذریعہ متعارف کرایا جاتاہے اور طلبا کی رہنمائی کی جاتی ہے۔

ایکسپوکے انعقاد پر ایکسپریس میڈیا گروپ کے شکر گزار ہیں، طلبا

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپوکے دوسرے اور آخری روز طلبا کا کہنا تھا کہ انھیں ایک ہی جگہ پر اپنے تعلیمی اور کیریئر کے حوالے سے عملی جدو جہد پر اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں۔جس کیلیے وہ ایکسپریس میڈیا گروپ کے شکر گزار ہیں۔
Load Next Story