سری لنکا کے خلاف پہلے ون ڈے میں فتح کے بعد مصباح ’’ینگ اسٹارز‘‘ کے گن گانے لگے

ہدف کے تعاقب میں راہ سے بھٹک گئے تھے لیکن صہیب اورفواد نے دوبارہ گامزن کیا، کپتان

ہدف کے تعاقب میں راہ سے بھٹک گئے، صہیب اورفواد نے دوبارہ گامزن کیا، کپتان فوٹو: فائل

سری لنکا کیخلاف پہلے ون ڈے میں فتح کے بعد پاکستانی کپتان مصباح الحق'' ینگ اسٹارز'' کے گن گانے لگے۔

انھوں نے کہا کہ ہدف کے تعاقب کے دوران ہم راستے سے بھٹک گئے تھے، صہیب مقصود اور فواد عالم نے دوبارہ فتح کی راہ پر گامزن کیا، نئے قوانین کی وجہ سے آخری اوورز میں زیادہ رنز بنانا دشوار نہیں رہا، عرفان کو شروع میں استعمال کرنے کی حکمت عملی کامیاب رہی، انھوں نے ان خیالات کا اظہار سری لنکا کیخلاف پہلے میچ میں 4 وکٹ سے فتح کے بعد کیا، مصباح نے کہا کہ پہلی شراکت کے بعدہم درمیان میں اپنا راستہ کھو چکے تھے مگر صہیب اور فواد نے ٹیم کو سنبھالا۔


اس سے دیگر بیٹسمینوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا، میں سمجھتا ہوں کہ ڈیپ میں چار فیلڈرز کے قانون اور آخر میں پاور پلے کی وجہ سے اب ہدف کا دفاع بہت مشکل ہوگیا، آخری دس اوورز میں 100 رنز بننا عام بات ہے، اگلے میچز میں ہم حریف سائیڈ کو زیادہ رنز بنانے سے روکنے کی کوشش کرینگے، انھوں نے کہا کہ ابتدائی بیٹسمینوں کو وکٹ پر سیٹ ہونے سے روکنے کی خاطر عرفان کو میں نے شروع میں استعمال کیا۔ 73 بالز پر 89 رنز بناکر مین آف دی میچ قرار پانے والے صہیب مقصود نے کہا کہ یہ میرے لیے خاص اننگز ثابت ہوئی، پاکستان کیلیے بہتر کھیلنے کی کوشش جاری رکھوں گا۔ فواد کیساتھ اپنی شراکت کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ہماری پلاننگ سادہ سی تھی۔

فواد اسٹرائیک بدلتے رہے اور میں جارحانہ انداز میں کھیلتا رہا، اس کیساتھ ہمارا مقصد وکٹیں محفوظ رکھتے ہوئے حریف بولرز کو ہدف بنانا تھا، ہم نے مالنگا کا بھی عمدگی سے سامنا کیا۔ سری لنکا کے کپتان میتھوز نے کہا کہ فواد اور صہیب کی شراکت نے پاکستان کو فتح دلائی، ہم نے کوئی غلطی نہیں کی، وکٹ اچھی تھی، جب بھی ہم نے 250 سے زائد رنز اسکور کیے بولرز نے اپنی ذمہ داری نبھائی مگر اس بار صہیب زیادہ بہتر ثابت ہوئے۔
Load Next Story