گرتے بالوں کا روکنا اب آپ کے اپنے ہاتھوں میں

بال ہماری شخصیت کا اہم خاصہ ہیں، لیکن ناقص غذا، معاشی و معاشرتی پریشانیوں کے باعث ان کا گرنا آج عمومی مسئلہ بن چکا ہے

بال ہماری شخصیت کا اہم خاصہ ہیں، لیکن ناقص غذا، معاشی و معاشرتی پریشانیوں کے باعث ان کا گرنا آج عمومی مسئلہ بن چکا ہے فوٹو : فائل

سرکے بال ہماری شخصیت کا اہم خاصہ ہیں، لیکن ناقص غذا، معاشی و معاشرتی پریشانیوں یا کسی بیماری کے باعث ان کا گرنا آج عمومی مسئلہ بن چکا ہے۔

بالوں کو گرنے سے روکنے، انہیں نرم و ملائم، بڑھانے اور خوبصورت بنانے کے لئے مارکیٹ میں طرح طرح کے شیمپو، صابن، کریمیں اور لوشن دستیاب ہیں، جو یا تو غیرمعیاری ہوتے ہیں اور اگر معیاری ہوں تو ان کی قیمت خرید عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی ہے۔

تو اس سلسلہ میں آپ کو مزید پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیوں کہ ہم آپ کو ماہرین کے مشوروں کی روشنی میں یہاں ایسے گھریلو ٹوٹکوں کے بارے میں بتائیں گے، جن کے استعمال سے آپ کے بال نہ صرف گھنے، سیاہ، چمکدار اور مضبوط ہو جائیں بلکہ آپ بال گرنے کی مصیبت سے بھی جان چھڑا لیں گے۔

پیاز کا رس:پیاز صرف آپ کی خوراک کو ہی مزے دار نہیں بناتا بلکہ بال بڑھانے کا بھی نہایت عمدہ ذریعہ ہے، کیوں کہ پیاز کے رس میں سلفر پایا جاتا ہے، جو بالوں کی پرورش کے لئے نہایت ضروری ہے۔ دو سے چار پیازوں کا رس نکال کر 15منٹ سے ایک گھنٹہ کے لئے اس سے بالوں کی مالش کریں، بعدازاں بالوں کو شیمپو اور پانی سے دھو لیں۔

آلو کا رس:پیاز کے ساتھ آلو کے رس کو ملا کر بالوں پر لگانے سے صحت مند بال جلد بڑے ہو جاتے ہیں۔ آلو کا رس نہ صرف بالوں کو بڑھاتا ہے بلکہ یہ کسی بھی وجہ سے متاثر ہونے والے بالوں کا علاج بھی ہے۔ آلو وٹامن اے، بی اور سی سے بھرپور ہوتا ہے، جو انسانی جسم کی اہم ضرورت سمجھے جاتے ہیں۔ 3 آلوؤں کے رس میں ایک انڈے کی زردی اور ایک چمچ شہد ملاکر بالوں پر لگائیں۔

انڈے کی سفیدی:انڈے میں وہ بنیادی پروٹین پایا جاتا ہے، جو بالوں کی بہترین نشوونما کے لئے لازم قرار دیا جاتا ہے۔ ایک سے دو انڈوں کی سفیدی، ایک، ایک چمچ زیتون کا تیل اور شہد ملا کر اس سے روزانہ بالوں کی مالش کریں۔



سیب کا سرکہ:سیب کا سرکہ اپنے اندر بالوں کیلئے بے شمار فوائد پنہاں رکھے ہوئے ہیں۔ یہ بالوں کی جڑوں یا تھیلیوں میں تحریک پیدا کرکے ان کے بڑھنے کی رفتار کو تیز کر دیتا ہے۔

میتھی:صحت مند بالوں کی نشوونما اور بڑھوتری کیلئے میتھی کا استعمال زمانہ قدیم سے دنیا کے مختلف حصوں میں کیا جارہا ہے۔ دو سے تین چمچ میتھی کو پانی میں مکس کرکے بالوں پر لگائیں۔

بادام کا تیل:بادام کے تیل میں موجود وٹامن ای، ڈی، آئرن، میگنیزیم، کیلشیم اور فیٹس بالوں کو صحت مند و چمکدار بنادیتے ہیں۔


اومیگا تھری فیٹی ایسڈ:بالوں کو گرنے سے بچانے کے لئے یہ نہایت ضروری ہے کہ آپ اپنی خوراک کا خاص خیال رکھیں۔ خوراک میں ایسی غذا کا استعمال کریں، جس میں اومیگاتھری فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہو، کیوں کہ یہ باآسانی سر کی جلد تک پہنچ کر بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتا ہے۔ یاد رہے کہ مچھلی اور خشک میوہ جات اومیگاتھری فیٹی ایسڈ کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔

زنک سے بھرپور غذائیں: جن غذاؤں میں زنک پایا جاتا ہے، ان کا استعمال بڑھا دیں کیوں کہ زنک مخصوص ہارمونز میں باقاعدگی لا کر بالوں کو گرنے سے روکتا ہے۔ پالک، مچھلی، اناج، کدو، سرسوں کا بیج، مرغی کا گوشت، پیٹھا اور خشک میوہ جات زنک کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔

پروٹین سے بھرپور غذائیں: دودھ، مسور کی دال، مچھلی، سفید گوشت، دہی، پنیر، لوبیا، انڈہ اور سویابین کے استعمال سے گرتے بال رک سکتے ہیں، کیوں کہ یہ پروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں۔

آئرن سے بھرپور غذائیں: انڈے کی زردی، سرخ گوشت، پتوں والی سبزیاں، خشک میوہ جات،لوبیا، مسور کی دال اور سویابین کا استعمال یقینی بنائیں کیوںکہ ان میں آئرن پایا جاتا ہے، جو بالوں کی بہترین نشوونما کے لئے نہایت ضروری ہے۔

وٹامن اے اور سی: وٹامن اے اور سی غدودوں کی رطوبت میں اضافہ کا باعث ہیں، جو بالوں کو قدرتی طور پر مضبوط بناتی ہے۔ وٹامن اے اور سی کے حصول کے لئے آلو، گاجر، پالک، پپیتا، شملہ مرچ، سٹرابری، انناس اور مالٹے کا استعمال کریں۔

ان کے علاوہ ایلوویرا، سوسن جیسی جڑی بوٹیوں کا استعمال اور صبح کے وقت لمبے لمبے سانس لینے جیسی ورزشوں کو یقینی بنانے سے آپ کبھی بھی بالوں کے کسی مسئلہ کا شکار نہیں ہوں گے۔

متوازن غذا کا استعمال: آپ جو کچھ بھی کھاتے ہیں اس کا براہِ راست اثر آپ کے بالوں پر ہوتا ہے اس لیےاگر آپ غذا متوازن انداز میں نہیں کھاتے تو بال گرنے اور پتلے ہونے کی شکایات بڑھتی رہیں گی۔ ماہرین کا کہنا ہےکہ کوشش کریں کہ ایسی غذائیں کھائیں جن میں تمام ضروری اجزا شامل ہوں جو وٹامن سے بھی بھرپور ہوں۔

ذہنی تناؤ کے مضر اثرات: آج کے دور میں کوئی بھی شخص ذہنی تناؤ سے آزاد نہیں لیکن یہ ذہنی تناؤ بالوں کے لیے بھی نقصان دہ ہے جس کے باعث بال گرتے اور کمزور ہوتے ہیں اس لیے انہیں روکنے کے لیے تناؤ کو کم کرنا ضروری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ذہنی تناؤ کو دوستوں کی محفل، ورزش اور دیگر طریقوں سے کم کیا جائے، کوئی بھی صحت مند مشغلہ اپنائیں، دوستوں اور عزیزوں کے ساتھ وقت گزاریں، اچھی کتاب کا مطالعہ اور پرسکون موسیقی کو بھی اپنی زندگی میں اہم جگہ دیں کیونکہ ذہنی تناؤ کم ہونے سے بالوں کو بہت فائدہ ہوگا۔

بالوں کی خاص نگہداشت: بالوں کی حفاظت ایک اہم معاملہ ہے جس کے لیے شیمپو اور کنڈیشنر استعمال ضرور کریں لیکن ایک برانڈ کو بار بار تبدیل نہ کریں۔ بالوں میں مناسب تیل لگاتے رہیں اس طرح بالوں کی حفاظت سے ان کے گرنے کو بہت حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

بالوں کو ڈھانپیں: وہ خواتین و حضرات جو دھوپ اور گردوغبار میں باہر نکلتے ہیں ان کے لیے ضروری ہے کہ اپنے بالوں کو مناسب انداز میں ڈھانپیں، دھول مٹی اور آلودگی کی چکنائی بھی بالوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے اس لیے بالوں کو مکمل طور ڈھانپ کر رکھنا ان کی صحت بہتر بناتا ہے۔
Load Next Story