کنٹینر ہٹانے اور وزیر اعظم کے استعفے تک مذاکرات نہیں ہوں گے عمران خان

نوازشریف نے استعفیٰ نہ دیا تو پورے ملک کا پہیہ جام کردیں گے، چیرمین تحریک انصاف

مہذب معاشرے میں سول نافرمانی اپنا اصولی موقف کو تسلیم کرانے کا سب سے موثر ذریعہ ہوتا ہے، عمران خان فوٹو: آن لائن

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کنٹینر ہٹانے اور وزیر اعظم کے استعفے تک مذاکرات نہیں ہوں گے اور اگر انہوں نے استعفیٰ نہ دیا تو پورے ملک کا پہیہ جام کردیں گے ۔

اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں کنٹینرز کی وجہ سے لوگوں کے روزگار سے کھیلا جارہا ہے جب کہ یہ کنٹینرز ان کے اقتدار کو نہیں بچاسکتے، نواز شریف آج مزاکرات کے لئے اپنے نمائندے بھیج رہے ہیں لیکن وہ سن لیں کہ اسلام آباد سے کنٹینر ہٹانے اور وزیراعظم کے استعفے تک وہ مزاکرات نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جب کسی شخص پر الزام لگتا ہے تو وہ پہلے استعفیٰ دیتا ہے اور پھر الزام کی تحقیقیات ہوتی ہے ، ہم نے گزشتہ روز حکومت کو بھی یہ کہا کہ نواز شریف تحقیقات تک وزیراعظم کا عہدہ چھوڑ دیں اگر بے قصور نکلیں تو عہدے پر واپس آجائیں اور اگر الزامات درست ککلیں تو نئے انتخابات کروائیں۔


چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک میں انتخابات سے جمہوریت نہیں آتی جمہوریت کے لئے شفاف انتخابات ضروری ہیں، پنجاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار بہت اچھی طرح جانتے ہیں کہ انتخابات میں کس قدر دھاندلی ہوئی اور آصف زرداری نے ان سے بات کرتے ہوئے خود انتخابات کو ریٹرننگ افسر الیکشن قرار دیا ، اس کے باوجود وہ نواز شریف سے مل کر انتخابی نتائج کو قبول کرنے اور جمہوریت کو جاری رکھنے کی بات کیوں کررہے ہیں، انہیں چاہئے کہ وہ نواز شریف سے تحریک انصاف کے جائز مطالبات تسلیم کرائیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مہذب معاشرے میں سول نافرمانی اپنا اصولی موقف کو تسلیم کرانے کا سب سے موثر ذریعہ ہوتا ہے، وہ ملک بھر کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے پیسے سرکاری بینکوں سے نکال لیں اور اپنے، اپنے بچوں اور اس ملک کے لئے آج کے دن کو فیصلے کا دن بنانے کے لئے باہر نکل آئیں اور اگر پھر بھی نواز شریف نے استعفی نہ دیا تو پورے ملک میں پہیہ جام کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز انہوں نے شادی کی بات کی تھی جس کا مطلب یہ تھا کہ نئے پاکستان کی تگ و دو میں ان کے پاس شادی کا وقت بھی نہیں ۔
Load Next Story