نوازشریف منتخب وزیراعظم ہیں جنہیں جتھا بندی کرکے نہیں ہٹایا جاسکتا رانا ثنااللہ

پاکستان میں کوئی لشکر کشی نہیں ہوسکتی جب کہ ملک میں آئین اور جمہوریت کی بالادستی قائم رہے گی، سابق وزیر قانون پنجاب

عوام نے عمران خان کی سول نافرمانی کی تحریک کو مستردکردیا ہے، رانا ثنا اللہ، فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کوئی لشکر کشی نہیں ہوسکتی اور عوام کے منتخب وزیراعظم کو جتھے بندی کرکے نہیں ہٹایا جاسکتا۔


فیصل آباد میں سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کی قیادت میں (ن) لیگ کے حق میں ریلی نکالی گئی جس میں مریم نوازسمیت دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ ریلی میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان روز اسلام آباد میں محفل موسیقی لگاتے ہیں وہ فیصل آباد آکر دیکھیں آج فیصل آباد کے لوگوں نے وزیراعظم نوازشریف کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیانات روز بدلتے ہیں، عوام نے ان کی سول نافرمانی کی تحریک کو مستردکردیا ہے اور ان کا نام نہاد آزادی مارچ بھی ناکام ہوچکا ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین اور جمہوریت کی بالادستی قائم رہے گی اورملک میں کوئی لشکر کشی بھی نہیں ہوسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف 20 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم ہیں جنہیں غیر آئینی طریقے یا جتھے بندی سے نہیں ہٹایا جاسکتا۔
Load Next Story